ویڈیو گیم کی لت میاں بیوی کو طلاق کی نہج پر لے آئی

بڑے بوڑھوں سے سنا ہے کہ ہر چیز کے شوق کی ایک حد ہوتی ہے اور جب کوئی چیز حد سے تجاوز کر جائے تو اس کے خطرناک نتائج بھی سامنے آتے ہیں، بعض اوقات کسی چیز کا حد سے زیادہ شوق ہنستے بستے گھرانے بھی برباد کر دیتا ہے۔

عالمی ادارہ صحت نے حال ہی میں گیمز کے نشے کو ایک ذہنی بیماری تسلیم کیا ہے اور اس حالت میں کیے جانے والے فیصلے کس طرح انسانی زندگی پر اثر انداز ہوتے ہیں اس کی بہترین مثال نیچے واقعے کی صورت میں پیش کی جا رہی ہے۔

ملائیشیا کے ایک 25 سالہ شخص نے 6 سال قبل ایک چینی لڑکی سے پسند کی شادی کی اور لڑکی اپنے جیون ساتھی کے ساتھ ملائیشیا منتقل ہو گئی، دو سال تک دونوں ہنسی خوشی زندگی گزارتے رہے۔

لیکن جب ویڈیو گیم کنگ آف گلوری لانچ ہوا تو شوہر شروع سے ہی اس کا دھتی بن گیا اور ابتدا میں تو میاں بیوی ایک ساتھ یہ گیم کھیلتے رہے لیکن کچھ عرصے بعد شوہر نے بیوی کے کھیلنے کی صلاحیتوں کی شکایت پر اپنے دوستوں ک ساتھ یہ گیم کھیلنا شروع کر دیا۔

ایک موقع پر تو ملائیشین شخص صرف کنگ آف گلوری کھیلنے کے لیے باہر جاتا اور صبح واپس گھر لوٹتا لیکن جب وہ گھر سے نہیں جاتا تو اپنے دوستوں کو گیم کھیلنے کے لیے گھر بلا لیتا اور اپنی بیوی اور بیٹی پر توجہ دینا بالکل ہی چھوڑ دی۔

خاتون نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ اس کے شوہر نے کئی بار وعدہ کیا کہ وہ ویڈیو گیم کے شوق کو کم کر دے گا لیکن اس نے اپنا وعدہ پورا نہیں کیا۔

جب بیوی کے لیے یہ سب کچھ برداشت سے باہر ہو گیا اور کچھ روز پہلے شوہر گیم کھیل کر رات کو تاخیر سے گھر پہنچ کر سو گیا تو بیوی نے اس کا موبائل فون اپنے قبضے میں لیا اور شوہر کا ویڈیو گیم اکاؤنٹ آن لائن فروخت کر دیا۔

بیوی سوچ رہی تھی کہ اس طرح سے اس کے شوہر کی مسلسل ویڈیو گیم کھیلنے کی عادت چھوٹ جائے گی اور وہ دوبارہ سے اپنے گھر والوں کو ٹائم دینے لگے گا لیکن اس کے سارے خیالات غلط ثابت ہوئے۔

جب شوہر سو کر اٹھا اور اس نے گیم کھیلنے کے لیے ’لاگ اِن‘ ہونے کی کوشش کی تو وہ ناکام رہا، شوہر بھاگتا ہوا اپنی بیوی کے کمرے میں گیا اور اس کا ہاتھ پکڑ کر اسے سیڑھیوں سے نیچے اتارتے ہوئے کہا کہ مجھے پتہ ہے کہ تم نے میرے ساتھ کیا کیا ہے۔

ملائیشین شوہر نے اپنی بیوی سے کہا کہ تم نے جو حرکت کی ہے میں اس پر تمھیں طلاق دے دوں گا۔ شوہر نے اپنی بیوی سے کہا کہ ملائیشیا چھوڑ کر واپس چین چلی جائے۔

چینی خاتون نے سوشل میڈیا پیغام میں لکھا کہ مجھے اب اپنے شوہر کے واپس آنے کی کوئی امید نہیں ہے کیونکہ وہ بہت زیادہ ویڈیو گیم کھیلتا ہے۔ اس نے مزید کہا کہ میں اب صرف اپنی بیٹی کو چین لا کر اس کی تربیت کرنا چاہتی ہوں۔

خیال رہے کہ ماضی میں بھی کنگ آف گلوری گیم کی وجہ سے ایک مشہور چائینیز ماڈل راتوں کو جاگ جاگ کر گیم کھیلنے کی وجہ سے زندگی کی بازی ہار گئی تھی جب کہ ایک خاتون مسلسل تین روز تک یہ گیم کھیلنے کی وجہ سے اپنی بینائی سے محروم ہو گئی تھی۔

مزید خبریں :