کاروبار
Time 29 دسمبر ، 2017

وزیراعظم کی گردشی قرضوں کے خاتمے کیلئے جامع میکنزم بنانے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیراعظم نے حکام کو گردشی قرضے کے خاتمے کے لیے جامع میکنزم بنانے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کونسل کا ہنگامی اجلاس ہوا  جس میں ملک کی اقتصادی صورت حال سمیت توانائی و ترقیاتی منصوبوں کےامور پر غور کیا گیا جب کہ مالیاتی امور اور توانائی کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں نجی پاور پلانٹس کو ایل این جی پر چلانے کا فیصلہ کیا گیا جس کے لیے حکمت عملی بھی تیار کرلی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ اجلاس میں ڈیزل اور فرنس آئل پر انحصار کم کرنے کے فوری اقدامات اٹھانے اور امپورٹ بل میں کمی لانے کےاقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ہنگامی ضروریات کے لیے فرنس آئل کی دستیابی کے لیے اقدامات یقینی بنائے جائیں۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کو آئی پی پیز کے ساتھ ادائیگی کے معاہدے کا اختیار دینے کی منظوری دی گئی۔

اقتصادی رابطہ کونسل کا کہنا ہےکہ آئی پی پیز پرائیویٹ پلانٹس ایل این جی پرچلائیں،اس کے لیے حکومت تعاون کرےگی۔

ای سی سی کے اجلاس میں وزیراعظم نے گردشی قرضے کے خاتمے کے لیے جامع میکنزم بنانے کی ہدایت کی اور اس حوالے سے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جو گردشی قرضے کم کرنے اور ٹرانسمیشن لائن سمیت ڈسٹری بیوشن کے حوالے سے اقدامات کرے گی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ ٹرانس میشن لائنز اور ڈسٹری بیوشن نظام بہتر بنایا جائے جب کہ ڈسکوز سے ریکوری کے نظام کو فعال کیاجائے، وزیر توانائی کی سربراہی میں قائم کمیٹی ایڈمنسٹریٹو لاسز دیگر اقدامات کو تیز کرے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں ٹاول ایکسپورٹر کو نیدر لینڈ میں سرمایہ کاری کی اجازت دینے اور زید 35000 میٹرک ٹن یوریا سری لنکا ایکسپورٹ کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

مزید خبریں :