گفٹ پیپر سے ملبوسات تیار کرنے والی ڈیزائنر کے چرچے

26 سالہ فنکارہ اولیویا میئرس کے گفٹ پیپر سے تیار کیے گئے چند ملبوسات— فوٹو/بشکریہ انسٹاگرام

عموماً ہم تحفوں کو کھولتے ہی گفٹ ریپنگ پیپر کو کوڑے دان کی نذر کر دیتے ہیں لیکن امریکی ریاست شمالی کیرولینا سے تعلق رکھنے والی اولیویا میئرس نے گفٹ پیپر سے ڈزنی شہزادیوں کے ملبوسات تیار کرکے سب کی توجہ اپنے فن کی جانب مبذول کرلی ہے۔

26 سالہ اولیویا میئرس ایک فیشن کاسٹیوم ڈیزائنر ہیں جو نت نئے ملبوسات بنانے کا تجربہ بھی کرتی رہتی ہیں۔

انہوں نے سب سے پہلے 2014 میں گفٹ ریپنگ پیپر سے ڈزنی شہزادیوں کا ایک لباس تیار کیا، بعد ازاں 2015 میں فلم ’بیوٹی اینڈ دی بیسٹ‘ میں استعمال ہونے والا زرد رنگ کا مشہور ڈزنی لباس تیار کیا جسے مختلف گفٹ شیٹس سے بنایا گیا تھا۔

انہوں نے کرسمس کے گفٹ پیپرز سے بھی ایک خوبصورت میکسی تیار کی، جسے تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے۔


ان کے اس لباس کی تصویر امریکی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس کے بعد گفٹ پیپر سے تیار ہونے والے ڈزنی لباس کے چرچے ہونا شروع ہوگئے۔

اولیویا نے انتہائی مہارت سے ایک سرخ رنگ کا ڈزنی شہزادی کا لباس بھی تیار کیا ہے جس میں انہوں نے کاغذی ربن، کاغذی پھول اور مختلف رنگ کے گفٹ پیپرز کا بھی استعمال کیا۔


دلچسپ بات یہ ہے کہ اولیویا، ڈزنی شہزادیوں کے مکمل ملبوسات گفٹ پیپرز، ٹیپ اور گلو(glue) سے تیار کرتی ہیں، جو پہننے میں انتہائی آرام دہ ہیں۔

اولیویا میئرس نے گزشتہ برس ایک بینگنی رنگ کا شاہی لباس تیار کرکے پھر سے سب کی توجہ اپنے فن کی جانب کھینچ لی۔