پاکستان
Time 02 جنوری ، 2018

امریکا نے پاکستان کو امداد روکنے کے حوالے سے آگاہ کردیا

اسلام آباد: وزارت خزانہ نے امریکا کی جانب سے 25 کروڑ 50 لاکھ ڈالر امداد روکے جانے سے آگاہ کرنے کی تصدیق کردی ہے۔

وزارت کے ترجمان نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ پاکستان کو امریکا کی جانب سے امداد روکےجانے کا پہلے سے اندازہ تھا اس لیے پہلے سے متبادل انتظامات کر رکھے ہیں۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی امداد کی بندش سے پاکستان کی مالی ضروریات متاثر نہیں ہوں گی۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکا کی نیشنل سیکیورٹی کونسل کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ پاکستان کے تعاون کا جائزہ لے رہی ہے۔

مذکورہ عہدیدار کا مزید کہنا تھا کہ، 'صدر یہ بات واضح کرچکے ہیں کہ امریکا، پاکستان سے اپنی سرزمین پر دہشت گردوں اور عسکریت پسندوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی توقع رکھتا ہے اور جنوبی ایشیاء سے متعلق حکمت عملی میں پاکستان کا کردار ہمارے تعلقات کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا، جس میں مستقبل کی سیکیورٹی معاونت بھی شامل ہے'۔

خیال رہے کہ 2016 میں امریکی کانگریس نے پاکستان کے لیے 1.1 ارب ڈالر کا امداد پیکج منظور کیا تھا اور مذکورہ رقم اسی پیکج کی ایک قسط ہے۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب گذشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا نے گزشتہ 15 برسوں میں اسلام آباد کو احمقوں کی طرح 33 ارب ڈالر امداد کی مد میں دیے لیکن بدلے میں جھوٹ اور دھوکہ ملا۔

ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لکھا کہ 'امریکا نے گزشتہ 15 برس میں احمقوں کی طرح پاکستان کو 33 ارب ڈالر امداد کی مد میں دیے اور انہوں نے ہمیں جھوٹ اور دھوکے کے سوا کچھ نہیں دیا'۔

امریکی صدر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ 'پاکستان نے ہمارے حکمرانوں کو بے وقوف سمجھا، جن دہشت گردوں کو ہم افغانستان میں ڈھونڈتے رہے پاکستان نے انہیں محفوظ پناہ گاہیں دیں اور ہماری بہت کم معاونت کی، لیکن اب مزید نہیں'۔

مزید خبریں :