پاکستان
Time 04 جنوری ، 2018

ملکی معیشت مستحکم ہےاور آئی ایم ایف میں جانے کا ارادہ نہیں، وزیر مملکت خزانہ

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل نے کہا ہےکہ ملکی معیشت مستحکم ہے اور آئی ایم ایف میں جانے کا ارادہ نہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر مملکت رانا افضل نے کہا کہ امریکا افغانستان میں اپنی ناکامی کی ذمہ داری پاکستان پر ڈال رہا ہے،  امریکی صدر کے بیان پر دنیا پاکستان کا ساتھ دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا نے جہاں 1250 ارب ڈالر دہشت گردی کی خلاف جنگ پر خرچ کیے ، کچھ اور رقم باڈر سیکیورٹی پر بھی خرچ کرے۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ افغانستان میں ہمارا کوئی مفاد نہیں، مستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے، دراندازی روکنے کے لیے سرحد پر باڑ لگانے پر کام ہورہا ہے لہٰذا اس پر مذاکرات سے امریکی اعتراضات دور کریں گے۔

ملکی معیشت پر بات کرتے ہوئے رانا افضل نےکہا کہ معیشت مستحکم ہے، صنعتی شعبہ ترقی کررہا ہے ، 5 ماہ میں برآمدات 17 فیصد بڑھی ہیں، غیر ضروری درآمدات کم کرنے پر توجہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ قرضوں کی ادائیگی معمول کے مطابق ہے، آئی ایم ایف پروگرام میں جانے کا ارادہ نہیں، البتہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے تمام دروازے کھلے رکھے ہوئے ہیں۔ 

ملکی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیر مملکت رانا افضل کا کہنا تھا کہ احتساب کا مطلب یہ نہیں کہ ملکی معیشت کو ٹھپ کردیں۔

انہوں نے چیئرمین پی ٹی آئی کو بھی ہلکی پھلکی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے کھبی کسی اچھے کام کی تعریف نہیں کی۔

مزید خبریں :