پاکستان
Time 04 جنوری ، 2018

امریکا کی کسی بھی غیر معمولی حرکت کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں، وزیر دفاع

اسلام آباد: وزیر دفاع خرم دستگیر کا کہنا ہےکہ امریکا کی کسی بھی ایسی غیر معمولی حرکت کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں جس سے ہمیں نقصان کا اندیشہ ہو۔

امریکی صدر کی پاکستان مخالف ٹوئٹ کے بعد ملک کی سیاسی و عسکری قیادت کی جانب سے بھرپور جواب دیا گیا۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے خرم دستگیر نے کہا کہ ریکس ٹیلرسن اور جیمز میٹس جب پاکستان آئے تو انہوں نے سفارتی آداب کے تحت بات کی اس میں دھمکی اور توہین کا عنصر نہیں تھا لیکن ٹرمپ اور مائیک پینس کے لہجے میں دھمکی کا عنصر نظر آتا ہے، یہاں دھمکیاں اور توہین کی گئی۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ہمیں امریکا کے معاملے پر پوری صورتحال کا تجزیہ کرنا ہے اور ٹھنڈے دل کے ساتھ حکمت عملی ترتیب دے رہے ہیں جب کہ اس پر پارلیمان سے گفتگو کی ہے۔

خرم دستگیر نے مزید کہا کہ ’ہمیں پاکستان کے تحفظ کے بارے میں کسی قسم کا خوف نہیں، پاکستان کا دفاع مضبوط ہے، سوال یہ ہے کہ امریکا واقعی کوئی اس قسم کی غیر معمولی حرکت نہ کردے جس سے ہمیں نقصان ہونے کا اندیشہ ہے اس کے لیے بالکل تیار ہیں لیکن ابھی چاہتے ہیں امریکا کے ساتھ مل کر آگے چلیں‘۔

مزید خبریں :