دنیا
Time 06 جنوری ، 2018

سعودی عرب: شاہی محل میں دھرنا دینے والے 11 شہزادے گرفتار

فوٹو: فائل

سعودی عرب میں شاہی محل کے اندر دھرنا دینے والے 11 شہزادوں کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا ہے۔

عرب اخبار کے مطابق ان 11 شہزادوں نے دارالحکومت ریاض کے شاہی محل میں پہنچ کر دھرنا دے دیا تھا، حکام کی جانب سے انہیں دھرنا ختم کر کے محل چھوڑنے کا حکم دیا گیا تاہم انہوں نے محل چھوڑنے سے انکار کر دیا۔

شاہی گارڈز نے حکم عدولی پر تمام شہزادوں کو حراست میں لیکر ریاض کے الحائر جیل منتقل کر دیا ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ شہزادے سعودی فرمانروا کے اس شاہی فرمان کے خلاف احتجاج کر رہے تھے جس میں انہوں نے شاہی خاندان کے ارکان کے بجلی اور پانی کے بلوں کی سرکاری کھاتے سے ادائیگی روکنے کا حکم دیا تھا، ساتھ ہی گرفتار شہزادوں میں سے ایک اس شہزادے کے مالی معاوضے کا بھی مطالبہ کررہے تھے جس کا قصاص قانون کے تحت سر قلم کر دیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ نومبر 2017 میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے حکم پر 11 شہزادوں کو بدعنوانی کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا تھا۔

ان شہزادوں میں دنیا کے ارب پتی شخص شہزادہ الولید بن طلال بھی شامل تھے جن کی گرفتاری کے بعد سعودی اسٹاک ایکسچینج میں مندی کا رجحان دیکھا گیا تھا۔

گرفتار شہزادوں میں سے زیادہ تر کو سعودی حکومت کے ساتھ اربوں روپے کے معاہدوں کے بعد رہا کر دیا گیا ہے۔

مزید خبریں :