پاکستان
Time 12 جنوری ، 2018

ملتان: موسمی انفلوئنزا سے ہلاکتوں کی تعداد 21 ہوگئی


ملتان میں موسمی انفلوئنزا وائرس کا شکار 2 اور افراد لقمہ اجل بن گئے، اس طرح 28 روز میں اس وائرس سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 21 ہوگئی ہے ۔

اسپتال ذرائع کے مطابق ملتان کے نشتر اسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں زیر علاج موسمی انفلوئنزا کے دو مریض صدیق اور زرداد دم توڑ گئے۔

انتقال کرنے والوں مریضوں میں سے ایک کا تعلق ملتان اور دوسرے کا تعلق خانیوال سے تھا۔

محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق ملتان میں اب تک موسمی انفلوئنزا کے شبہ میں 152 افراد رپورٹ ہوئے ہیں۔

 رپورٹ کے مطابق 80 افراد میں انفلوئنزا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ اس وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 21 ہو چکی ہے ۔

نشتر اسپتال میں اس وقت 31 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 6 افراد کی رپورٹ کا انتظار ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 9 نئے مریض موسمی انفلوئنزا کے شبہ میں رپورٹ ہوئے ہیں۔ 

محکمہ صحت کی جانب سے شہریوں کو احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی جارہی ہے، خصوصاً پانی ابال کر پینے کی سخت ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب اسپتالوں میں انفلوئنزا کے مریضوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے، تاہم نشتر اسپتال میں قائم فلو کاؤنٹر سے عام شہریوں کو ویکسینیشن فراہم نہ کیے جانے پر شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

مزید خبریں :