مومنہ مستحسن کیلئے ’40 انڈر 40 ‘ کا اعزاز

پاکستان کی خوبرو گلوکارہ مومنہ مستحسن—فوٹو/ بشکریہ انسٹاگرام

پاکستان کی خوبرو گلوکارہ مومنہ مستحسن کو امریکا کی اسٹونی بروک یونیورسٹی کی جانب سے ’40 انڈر 40 ‘ کے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔

اسٹونی بروک یونیورسٹی امریکا کے شہر نیویارک میں واقع ہے، جہاں سے گلوکارہ نے بائیو میڈیکل انجینئرنگ اور اپلائیڈ ریاضی کے مضامین میں گریجویشن کی تھی۔

مومنہ مستحسن کو یہ اعزاز 2017 میں سماجی خدمات میں سرگرم رہنے کے باعث دیا گیا ہے، اس موقع پر ان کے عزم و ہمت کو بھی خوب سراہا گیا۔

یہ ایوارڈ اسٹونی بروک یونیورسٹی کی ایلومینائی ایسوسی ایشن نے 40 برس کے عمر کے اُن نوجوانوں کو دیا ہے جو سماجی خدمات کا عزم رکھتے ہیں۔

Here they are...this year's #SBU40UNDER40 honorees! Congratulations!

A post shared by Stony Brook Alumni (@stonybrookalum) on


مومنہ مستحسن نے اپنی ایوارڈ ٹرافی کے ساتھ لی گئی ایک تصویر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر مداحوں سے شیئر کی اور ساتھ میں لکھا، ’وہ شکرگزار ہیں کہ انہیں ’40 انڈر 40 ‘کے اعزاز سے نوازا گیا ہے‘۔

انہوں نے لکھا، ’مجھے فخر ہے کہ میں نے یہ ایوارڈ پاکستان کا جھنڈا پہن کر وصول کیا‘۔


تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مومنہ مستحسن نے اپنے لباس پر پاکستانی پرچم کا بیج لگا رکھا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس مومنہ مستحسن بی بی سی کی جانب سے جاری کردہ دنیا کی 100 با اثر خواتین کی فہرست میں سے بھی ایک قرار دی گئی تھیں۔

اس کے علاوہ برطانوی میگزین کی جانب سے شائع کی گئی 50 پُرکشش اور دل کش ترین خواتین کی فہرست میں بھی وہ 37 ویں نمبر پر با اثر فنکارہ قرار دی گئیں۔

دوسری جانب 2017 میں پاکستان میں گوگل پر سرچ کی گئی شخصیات کی فہرست میں بھی انہوں نے 10 ویں نمبر پر جگہ بنائی تھی۔

مزید خبریں :