دھمکیوں کے بعد’بگ باس 11‘ فائنل کیلئے سلمان خان کی سیکیورٹی مزید سخت

’بگ باس 11‘ کا فائنل اتوار 14 جنوری کو ہوگا—فائل فوٹو

بھارت کے مشہور رئیلٹی ٹی وی شو ’بگ باس 11‘ کے فائنل کے لیے بالی وڈ کے دبنگ  اداکار سلمان خان کی سیکیورٹی کو مزید سخت کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں فلم ’ریس 3‘ کی شوٹنگ کے دوران ہندو انتہا پسندوں کے ایک گروپ نے فلم کے سیٹ پر حملہ کرکے سلمان خان کو قتل کی دھمکیاں دی تھیں، جس کے بعد پولیس نے اداکار کو بحفاظت ان کے گھر منتقل کر دیا تھا۔

اور اب اتوار 14 جنوری کو ہونے والے 'بگ باس 11' کے فائنل کے موقع پر شو کے میزبان سلمان خان کی سیکیورٹی کو مزید سخت کردیا گیا ہے۔

اور صرف سلمان ہی نہیں بگ باس کی پوری ٹیم کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے تاکہ فائنل میں کسی قسم کے ناخوشگوار واقعے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

’بگ باس 11‘ کے فائنل کے امیدواروں میں اداکارہ حنا خان اور شلپا شندے جب کہ ڈرامہ ساز ویکاس گپتا اور پنیش جیتنے شامل ہیں۔

واضح رہے کہ سلمان خان چند روز قبل کالے ہرن کے غیر قانونی شکار کے مقدمے کے سلسلے میں بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جودھ پور کی عدالت میں پیش ہوئے تھے، جہاں ایک مقامی بدمعاش لارنس بشنوئی نے انہیں قتل کرنے کی دھمکی دی تھی، جو اس وقت پولیس کی حراست میں ہے۔

رپورٹس کے مطابق مذکورہ گینگسٹر کا تعلق راجھستان کی ایک ایسی برادری سے ہے جو کالے ہرن کو مقدس مانتی ہے۔

امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ فلم 'ریس 3' کی شوٹنگ کے دوران حملہ کرنے والے گروپ کا تعلق گینگسٹر لارنس بشنوئی سے ہی ہے۔

مزید خبریں :