کھیل
Time 14 جنوری ، 2018

سرفراز احمد کا بیٹسمینوں کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار


نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچز کی سیریز میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹیم کی بیٹنگ پرفارمنس پر مایوسی کا اظہار کیا ہے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کے تیسرے میچ میں شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرفراز نے کہا کہ ’’یہ شکست انتہائی مایوس کن ہے‘‘۔

خیال رہے کہ سرفراز احمد اس میچ میں 14 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے تھے جبکہ دوسرے اینڈ پر وکٹیں تسلسل کے ساتھ گرتی رہی تھیں۔

سرفراز نے کہا کہ ’’ہمارے بولرز نے اچھی بولنگ کی لیکن بیٹنگ میں مسائل برقرار ہیں جو ایک بار پھر فلاپ ہوگئی‘‘۔

انہوں نے کہا کہ بیٹسمینوں کو نئی گیند کا سامنا کرنے میں مشکل پیش آرہی ہے۔

دوسری جانب میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پانے والے فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ نے کہا کہ یہ ہمارے لیے اہم میچ تھا اور ہم سیریز اپنے نام کرنا چاہتے تھے۔

17 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے والے ٹریںٹ بولٹ نے کہا کہ ہمیں صرف 250 رنز کا دفاع کرنا تھا اور ہم جانتے تھے کہ ہمیں سخت محنت کرنی ہوگی۔

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان کین ولیم سن نے کہا کہ اب ہمارا ٹارگٹ سیریز میں ناقابل شکست رہنا ہے، ہم نے شروع ہی سے ہر میچ جیتنے کی کوشش کی، کھلاڑیوں نے بہت اچھا کھیل پیش کیا جس پر مجھے فخر ہے۔

یاد رہے کہ دورہ نیوزی لینڈ سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم گزشتہ 9 ون ڈے میچز میں ناقابل شکست رہی تھی تاہم اب مسلسل تین میچز ہار چکی ہے۔

مزید خبریں :