پاکستان
Time 14 جنوری ، 2018

'وزیراعظم بنا تو ٹرمپ سے ملاقات کڑوی گولی ہوگی مگر نگلنا پڑے گی'

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم بنا تو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کروں گا اور یہ ملاقات کڑوی گولی ہوگی مگر نگلنا پڑے گی۔

امریکی خبر رساں ادارے کو دیے گئے ایک انٹرویو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر انتخابات کے بعد وزیر اعظم منتخب ہوا تو آئندہ برس 2019 میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کروں گا۔

عمران خان نے انٹرویو میں امریکی صدر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان سے ملاقات کڑوی گولی تو ہوگی لیکن کرنا پڑے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کا ٹوئٹ انتہائی توہین آمیز تھا، جس طرح امریکا نے پاکستان سے برتاؤ کیا وہ درست نہیں حالانکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کو کوئی لینا دینا نہیں تھا۔

ایک سوال پر عمران خان کا کہنا تھا کہ امریکا پر 9/11 حملوں کے بعد دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے اہم کرادر ادا کیا ہے ۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کو قربانی کا بکرا بنانے کی کوشش کی جب کہ پاکستان کسی دہشت گردی میں ملوث نہیں وہ خود اس کا خاتمہ چاہتا ہے۔

دینی مدارس کے حوالے سے ایک سوال پر عمران خان نے کہا کہ ہم لاکھوں مدرسوں کو قومی دھارے میں لائیں گے اور وہ چاہتے ہیں کہ مدرسہ گریجوئیشن طلبا کے پاس تمام صلاحیتیں ہوں تاکہ وہ کسی بھی شعبہ میں با آسانی ملازمتیں حاصل کرسکیں۔

مزید خبریں :