پاکستان
Time 14 جنوری ، 2018

طاہر القادری کی احتجاجی تحریک میں زرداری بھی شریک ہوں گے، قمر زمان کائرہ

گجرانوالہ: پاکستان تحریک انصاف کے بعد پیپلز پارٹی نے بھی پاکستان عوامی تحریک کے احتجاج میں بھرپور شرکت کا اعلان کردیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل کے رہنما قمر زمان قائرہ نے گجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طاہر القادری کی احتجاجی تحریک میں آصف زرداری بھی شریک ہوں گے۔

قمرزمان کائرہ نے کہا کہ آصف علی زرداری قومی قیادت کے ساتھ 17 جنوری کے احتجاج میں شریک ہوں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف سمیت تقریباً تمام اپوزیشن جماعتیں پہلے ہی پاکستان عوامی تحریک کے حکومت مخالف احتجاج میں شرکت کاعلان کرچکی ہیں۔

قمرزمان کائرہ نے مزید کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے باقر نجفی رپورٹ کے مطابق ماڈل ٹاؤن ذمے داران کیخلاف کارروائی سے کم پر نہیں مانیں گے اور پنجاب کے حکمرانوں کو مجبور کریں گے کہ وہ عہدوں سے الگ ہوں۔

قمر زمان قائرہ نے کہا کہ احتجاج میں توسیع بھی ہوسکتی ہے جس کا فیصلہ 16 کو جنوری کوکیا جائےگا۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف پر تنقید کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ شہباز شریف پہلے کیس بھگتیں پھر وزيراعظم بننے کا خواب دیکھیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے حوالے سے قمر زمان قائرہ نے کہا کہ عمران خان عاملوں کے بل پر وزیراعظم بننے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔

یاد رہے کہ 8 جنوری کو پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری نے 17 جنوری سے مسلم لیگ ن کی حکومت کے خلاف تحریک شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیر قانون رانا ثناء سے استعفے مانگیں گے نہیں بلکہ لیں گے۔

طاہر القادری کا کہنا تھا کہ 17 جنوری کے احتجاج میں شرکت کیلیے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری، پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال اور دیگر سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو احتجاج میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

اس کے بعد چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا تھا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری 17 تاریخ کو سانحہ ماڈل کے حوالے سے احتجاجی تحریک کے لئے نکل رہے ہیں اور وہ 18 جنوری کو پوری قوت کے ساتھ پاکستان عوامی تحریک کے ساتھ نکلیں گے۔

مزید خبریں :