پاکستان
Time 14 جنوری ، 2018

شاہ محمود کے بیٹے کا ولیمہ، زکریا یونیورسٹی گراؤنڈ کی سائٹ اسکرین توڑ دی گئی


ملتان: عمران خان کی سیاسی جماعت پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے اپنے بیٹے کے ولیمے کیلئے بہاء الدین زکریا یونیورسٹی پلے گراؤنڈ کی کرکٹ پچ کی سائٹ اسکرین تڑوادی۔

ولیمے میں خود عمران خان بھی شریک تھے جبکہ 60 ہزار روپے کرائے پر گراؤنڈ لینے والے شاہ محمود قریشی نے ولیمے کے بعد سائٹ اسکرین دوبارہ بنوانے کا وعدہ کرلیا۔

ملتان کی بہاء الدین زکریا یونیورسٹی کے گراؤنڈ میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی کی دعوت ولیمہ منعقد ہوئی۔

شاہ محمود قریشی اپنے بیٹے کے ولیمے میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا استقبال کررہے ہیں، عقب میں فاروق ستار بھی کھڑے ہیں — فوٹو : آن لائن

دعوت ولیمہ کے لیے 10 ہزار سے زائد مہمانوں کا انتظام کیا گیا جبکہ خواتین اور مرد مہمانوں کے لیے دو الگ الگ پنڈال سجائے گئے تھے۔

ان پنڈالوں کو سجانے کے لئے یونیورسٹی گراؤنڈ کی ایک دیوار کو توڑ دیا گیا اور پھول کی باڑیں اکھاڑ دی گئی۔

یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے دعوت ولیمہ کی تقریب کے لئے شاہ محمود قریشی سے باقاعدہ معاوضہ وصول کیا ہے جبکہ دعوت ولیمہ کا پنڈال سجانے کے لیے گراؤنڈ کا جو بھی نقصان ہو گا اس کی مرمت شاہ محمود قریشی ایک روز کے اندر کروا کر دیں گے۔

انتظامیہ نے بتایا کہولیمے کے دوران استعمال ہونے والی بجلی کا انتظام بذریعہ جنریٹر شاہ محمود قریشی نے خود کروایا ہے۔

مزید خبریں :