دنیا
Time 16 جنوری ، 2018

ترکمانستان: دارالحکومت میں کالے رنگ کی گاڑیوں پر پابندی

اشک آباد شہر کا ایک منظر—۔فائل فوٹو/ اے ایف پی

ترکمانستان کے دارالحکومت اشک آباد میں سڑکوں پر سیاہ یا گہرے رنگ کی گاڑیاں چلانے پر پابندی عائد کردی گئی۔

خلیج ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق ترکمانستان کے صدر قربان علی بردی محمدوف نے اشک آباد میں چلنے والی سیاہ یا دیگر گہرے رنگ کی گاڑیوں پر پابندی عائد کی۔

رپورٹ کے مطابق صدر کا خیال ہے کہ سفید رنگ خوش قسمتی کی نشانی ہے، لہذا شہر میں سفید یا پھر بالکل ہلکے رنگ کی گاڑیاں ہی چلائی جانی چاہئیں۔

ترکمانستان کی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اگر کوئی بھی شہری اشک آباد میں سفید کے علاوہ کسی گہرے رنگ کی گاڑی چلاتا ہوا پایا گیا تو پولیس اس گاڑی کو اپنی تحویل میں لے لے گی۔

جس کے بعد گاڑی کے مالک کو ایک دستاویز پر دستخط کرکے پولیس کو یہ یقین دہانی کروانی ہوگی کہ وہ گاڑی کا رنگ تبدیل کروائے گا۔

واضح رہے کہ اشک آباد کو سفید سنگ مرمر کا شہر کہا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ یہ دنیا کی سب سے زیادہ سفید مرمر کی حامل عمارتوں کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہے۔

مزید خبریں :