پاکستان
Time 16 جنوری ، 2018

عمران خان، آصف زرداری اور میں ایک کنٹینر سے خطاب کرینگے، طاہرالقادری

لاہور: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے اعلان کیا ہے کہ کل کے احتجاج میں وہ، عمران خان اور آصف زرداری ایک ہی کنٹینر سے خطاب کریں گے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہاکہ کل کا احتجاج 12 بجے شروع ہوگا جس کے 2 سیشنز ہوں گے، ہماری تحریک جمہوریت کی بحالی کی تحریک ہے، کبھی آئین تورنے کا نہیں سوچ سکتے۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت سنگل پوائنٹ ایجنڈے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر چل رہے ہیں، کل جو ہوگا وہ سب دیکھ لیں گے بلکہ ہم استعفے مانگ نہیں رہے ان کو استعفے دینے ہوں گے۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ نے بتایا کہ وہ عمران خان اور آصف زرداری ایک ہی کنٹینر سے خطاب کریں گے۔

طاہرالقادری نے وزیراعلیٰ پنجاب پر الزام لگایا کہ شہباز شریف نے 11 ہزار ارب روپے بجٹ سے کھا لیے، اتنا بجٹ استعمال کرکے لوگوں کو انصاف کی فراہمی کیا ہوئی؟ اسپتالوں کی ویرانی اور اسکولوں کی حالت زار کا بھی نوٹس لیں۔

واضح رہے کہ پاکستان عوامی تحریک اور متحدہ اپوزیشن نے کل سے ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جسے روکنے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست بھی دائر کی گئی جس میں عدالت سے عبوری حکم کے ذریعے احتجاج روکنے کی استدعا کی گئی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔

مزید خبریں :