سوناکشی ایک بار پھر سلمان کی ’رجو‘ بنیں گی

— فوٹو: بشکریہ این ڈی ٹی وی 

بالی وڈ ہدایت کار و پروڈیوسر ارباز خان نے سوناکشی سنہا کی  فلم ’دبنگ 3‘ میں شمولیت کی تصدیق کردی۔

سوناکشی نے سلمان خان کے مدمقابل 2010 میں فلم ’دبنگ‘ سے کیریئر کا آغاز کیا اور پہلی ہی فلم سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئیں۔

بالی وڈ اداکارہ نے 8 سالہ فلمی کیریئر میں کئی سپر ہٹ فلموں میں کام کیا ہے جس میں ’راؤڈی راٹھور‘، ’سن آف سردار‘ اور ’دبنگ 2‘ شامل ہیں۔

ان کا فلمی کیریئر ان دنوں تنزلی کا شکار ہے اور انہیں ایک سپر ہٹ فلم کی ضرورت ہے لیکن اب ایسے میں کترینہ کیف کا کیریئر بچانے کے بعد سلمان خان نے سوناکشی کو بھی بچانے کی ٹھان لی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان کی فلم ’دبنگ 3‘ میں سوناکشی کی جگہ کئی اداکاراؤں کو کاسٹ کرنے کی خبریں گرم تھیں جن میں پرینیتی چوپڑا، مونی رائے اور کترینہ کیف کے نام شامل ہیں۔

لیکن اب خود ایک انٹرویو میں فلم کے پروڈیوسر ارباز خان نے سوناکشی سنہا کو ہی کاسٹ کرنے کی تصدیق کردی ہے۔

انہوں نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ دبنگ کے تیسرے سیکوئل کی کہانی پر کام جاری ہے اور کوشش کی جارہی ہے کہ رواں سال ہی اس کی شوٹنگ کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’دبنگ 3‘ میں سوناکشی سنہا لازمی حصہ ہوں گی جب کہ فلم کی ہدایت کاری اس بار پھر پربھو دیوا کریں گے۔

یاد رہے کہ فلم ’دبنگ‘ میں سوناکشی سنہا’رجو پانڈے‘ کے کردار میں نظر آئی تھیں۔

مزید خبریں :