پاکستان
Time 17 جنوری ، 2018

امریکی امداد کے بغیر زندہ رہنا ہوگا، طعنے دوبارہ نہیں سننا چاہتے، خواجہ آصف

فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزیر خارجہ خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ امریکی امداد کے بغیر زندہ رہنا ہوگا کیوں کہ امریکی صدر کی جانب سے دیئے جانے والے طعنے دوبارہ نہیں سننا چاہتے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ایک شخص رات 4 بجے اٹھ کر اربوں روپے کا طعنہ دے، یہ نہیں ہونا چاہیے، قوم کو امریکی امداد کے بغیر زندہ رہنا ہوگا تاکہ ایسے طعنے دوبارہ نہ سنیں۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے کولیشن سپورٹ فنڈ کو امداد سمجھا جو غلط ہے، پاکستان امریکا کو زمینی اور فضائی سہولت مفت میں دے رہا ہے جب کہ کولیشن سپورٹ فنڈ کے 23 ارب ڈالرز میں سے 14 ارب ڈالرز ملے ہیں اور 7 ارب ڈالر اب بھی باقی ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ ہماری وجہ سے امن کی کوششوں میں رخنہ آئے اور امریکا سے بگاڑ پیدا ہو اور یہ بھی نہیں چاہتے کہ اپنے وقار پر سمجھوتہ کریں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی معاون نائب وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان سے لگتا ہے کہ وہ تعلقات بہتر کرنا چاہتے ہیں تاہم پاک امریکا تعلقات کو باہمی عزت و وقار پر استوار ہونا چاہیے اور پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف کرنا چاہیے۔

بھارت اور اسرائیل کے درمیان باہمی معاہدوں کے حوالے سے خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت اسرائیل گٹھ جوڑ صدیوں پرانا ہے،دشمن کو دشمن سمجھنا چاہیے۔

پاک چین اقتصادی راہداری سے متعلق سوال پر خواجہ آصف نے کہا کہ چین نے سی پیک کو افغانستان تک توسیع دینے کی خواہش کا اظہار کیا جب کہ پاکستان چین کی سی پیک توسیع منصوبہ بندی کا حامی ہے۔

مزید خبریں :