کاروبار
Time 17 جنوری ، 2018

جرمنی کا اپنے کرنسی ریزرو میں چینی یوآن کو شامل کرنے کا فیصلہ

بیجنگ: جرمنی نے اپنے کرنسی ریزرو میں چینی یوآن کو شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

جرمنی کے سنٹرل بونڈس بینک نے اپنے اعلان میں کہا ہے کہ کرنسی کے ملکی ذخیرہ میں چین کی کرنسی یوآن (رینبی)کو اس کا بڑھتا ہوا استعمال دیکھتے ہوئے شامل کیا جا رہا ہے۔

بینک نے کہا کہ ان کے بورڈ نے گزشتہ سال جولائی میں رینبی پر سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا تھا جس کی وجہ اس کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی اہمیت ہے۔

بینک نے یہ نہیں بتایا کہ وہ کب سے اور کتنی تعداد میں چینی کرنسی کو خریدے یا اپنے ذخائر میں شامل کرے گا۔انہوں نے کہا کہ رینبی کو اپنانے کا فیصلہ طویل المعیاد متنوع مالیاتی حکمت عملی کے تحت کیا گیا ہے جو دنیا کے مالیاتی نظام میں چین کی کرنسی کے بڑھتے ہوئے کردار کا عکاس ہے۔

بونڈس بینک کے بورڈ کے رکن جواکم ورملنگ نے کہا کہ ہم کرنسی ریزرو کے فائدوں اور نقصانات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کا جائزہ معمول پر لیتے رہتے ہیں اور بینک نے امریکی ڈالر اورجاپانی ین کے علاوہ آسٹریلین ڈالر پر بھی 2013 ء سے سرمایہ کاری شروع کر دی تھی۔

یورپین سنٹرل بینک نے گذشتہ سال جون میں 500 ملین یورو مالیت کے ڈالر ریزرو کو یوآن میں تبدیل کر دیا تھا۔ 2016ء میں جرمنی چین کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار رہا ہے، جرمنی چین سے درآمدات کرنے والا یورپ کا نمبر ایک اور برآمدات میں چوتھے نمبر پر ہے۔