بین الاقوامی ایئرپورٹ پر 'ذلت آمیز' برتاؤ پر صبا قمر پھٹ پڑیں

صباقمر نے حال ہی میں ایک نجی چینل کو انٹرویو دیا—۔ویڈیو اسکرین گریب

معروف اداکارہ صبا قمر بین الاقوامی ایئرپورٹ پر بحیثیت پاکستانی اپنے ساتھ ہونے والے 'ذلت آمیز' برتاؤ کے بارے میں بات کرتے ہوئے پھٹ پڑیں۔

صبا قمر نے حال ہی میں ایک نجی چینل کو انٹرویو دیا جس میں انہوں نے اپنی بالی وڈ ڈیبیو فلم ’ہندی میڈیم‘ کی کچھ یادیں بھی شیئر کیں۔

انٹرویو کے دوران انہوں نے پاکستانیوں کے ساتھ بین الاقوامی ایئرپورٹ پر ہونے والے برتاؤ کی تلخ حقیقت کے بارے میں بھی بات کی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

صبا قمر کا کہنا تھا، ’جب ہم کسی دوسرے ملک جاتے ہیں اور وہاں ہماری جس طرح چیکنگ ہوتی ہے، وہ میں بتا نہیں سکتی‘۔

انہوں نے بتایا کہ 'جب میں فلم ’ہندی میڈیم‘ کی شوٹنگ کے لیے جارجیا کے دارالحکومت تبلیسی جارہی تھی تو ایئرپورٹ پر فلم کی بھارتی ٹیم کلیئر ہوگئی، سب چلے گئے لیکن مجھے روک دیا گیا، صرف اس لیے کہ میرے پاس پاکستانی پاسپورٹ تھا، میری اس طرح چیکنگ کی گئی کہ مجھے شرمندگی محسوس ہوئی، اس کے علاوہ میرا انٹرویو بھی لیا گیا مجھے اس وقت بے حد ذلت کا احساس ہوا‘۔












صبا قمر کا کہنا تھا کہ 'اس وقت مجھے احساس ہوا کہ یہ ہماری عزت ہے، ہم اس دنیا میں کہاں کھڑے ہیں؟‘

واضح رہے کہ فلم انڈسٹری میں قدم رکھنے سے قبل صباقمر بحیثیت ٹی وی اداکارہ خود کو منوا چکی ہیں، ان کے بہترین ڈراموں میں 'داستان'، 'ڈائجسٹ رائٹر' اور 'مات' شامل ہیں۔

مزید خبریں :