پاکستان
Time 18 جنوری ، 2018

استعفیٰ مانگنے والے میرے نہیں عوامی منصوبوں کے مخالف ہیں، شہباز شریف

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ میرے استعفے کے مطالبے کے پیچھے مخالفین کی نظر عوامی منصوبوں پر ہے۔

جناح اسپتال لاہور کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اگر نیب میری ذات کے حوالے سے ایک دھیلے کی کرپشن بھی ثابت کر دے تو عوام کے ہاتھ اور میری گردن ہو گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اپوزیشن جماعتوں کا دھرنا ناکام بنانے پر لاہور کے شہریوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی مخالفین پنجاب میں ہونے والے ترقی کے کام کو ناکام کرنا چاہتے ہیں اور میرے استعفے کے مطالبے کے پیچھے اُن کی نظر عوامی منصوبوں پر ہے۔

انہوں نے جب ڈینگی پشاور میں آیا تو ہم نے وہاں دھرنے نہیں دیے بلکہ ہم نے پشاور ٹیمیں بھجوائیں اور ڈاکٹرز گئے، یہ لوگ خیبر پختونخوا میں کچھ نہیں کر سکے اسی کا بدلہ لے رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ کے پی کے میں زمینوں کی بندر بانٹ ہوئی، ہم پر الزام لگانے والے اپنے گریبانوں میں بھی جھانکیں۔

عمران خان اور شیخ رشید کی جانب سے پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے سے متعلق سوال پر وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اگر یہ لوگ پارلیمنٹ پر لعنت بھیج رہے ہیں تو پھر پارلیمنٹ میں بیٹھے کیوں ہیں۔

قصور میں 7 سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کے واقعے پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دعا کریں کہ زینب کے قاتل مل جائیں، انہیں قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ زینب کے ساتھ عاصمہ اور بلدیہ فیکٹری کیس پر بھی بات ہونی چاہیے۔

مزید خبریں :