دنیا
Time 19 جنوری ، 2018

شمالی یورپ میں آندھی اور طوفان نے تباہی مچادی، 7 افراد ہلاک

طوفانی ہواؤں کے باعث درخت جڑوں سے اکھڑ گئے—۔فوٹو/ اے پی

شمالی یورپ اِن دنوں شدید طوفانی ہواؤں کے جھکڑوں کی لپیٹ میں ہے اور مختلف حادثات میں 7 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوچکے ہیں۔

آندھی اور طوفان سے جرمنی، نیدرلینڈز اور بیلجیم میں درختوں اور مکانوں کی چھتیں اکھڑ گئیں اور بجلی اور ٹرانسپورٹ کا نظام درہم برہم ہوگیا۔

نیدرلینڈز میں طوفانی ہواؤں نے کئی درخت جڑوں سے اکھاڑ دیئے اور سڑکوں پر چلنے والے بھاری بھرکم ٹرک اور کنٹینر ہوا کے زور سے الٹ گئے۔ 

سڑکوں پر چلنے والے بھاری بھرکم ٹرک اور کنٹینر ہوا کے زور سے الٹ گئے—۔فوٹو/ اے پی

140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے باعث طیارے بھی فضا میں ڈانواں ڈول ہوتے رہے جبکہ ایمسٹرڈیم ایئرپورٹ پر 250 سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئیں۔

منہ زور ہوائیں گھروں کی چھت پر لگی ٹائلز بھی اڑا لے گئیں، یہی نہیں بلکہ راہ چلتے افراد بھی قلابازیاں کھاتے دکھائی دیئے۔

طوفانی ہواؤں کے باعث نیدرلینڈ سے جرمنی کے درمیان ٹرین سروس معطل کردی گئی ہے جبکہ آسٹریا میں بھی ٹرین سروس کو معطل کرنا پڑا۔

موسم کی شدت کے اثرات انگلینڈ سے رومانیہ تک نظر آئے اور برطانیہ میں بھی مختلف مقامات پر 110 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہواؤں نے شہریوں کو مشکلات میں ڈالے رکھا۔

دوسری جانب بجلی کی ٹرانسمیشن لائنوں پر درخت گرنے سے انگلینڈ میں ہزاروں گھر بھی بجلی سے محروم ہوگئے۔


مزید خبریں :