سنجے لیلا بھنسالی کی درخواست پر اکشے نے فلم کی نمائش مؤخر کر دی

اکشے کمار اور سنجے لیلا بھنسالی کی مشترکہ پریس کانفرنس —فوٹو: بشکریہ باکس آفس انڈیا

بالی وڈ ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی درخواست پر اکشے کمار نے اپنی فلم ’پیڈمین‘ کی نمائش آگے بڑھادی۔

بالی وڈ میں رواں سال بڑی فلموں کی نمائش کا سال قرار دیا جارہا ہے جس میں کئی بڑی نامی گرامی فلمیں نمائش کے لیے پیش کی جانی ہیں۔

ان فلموں میں دپیکا پڈوکون کی تنازع کا شکار بننے والی ’پدماوت‘، ’ اکشے کمار کی ’ پیڈمین‘ اور ’ 2.0‘، سلمان خان کی ’ریس 3‘ ، عامر خان کی ’ٹھگز آف ہندوستان‘ اور شاہ رخ خان کی ’زیرو‘ شامل ہیں۔

ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’پدماوت‘ کو سنسربورڈ سے اجازت ملنے کے بعد فلم کی نمائش 25 جنوری رکھی گئی ہے جس کے بعد اکشے کمار کی ’پیڈمین‘ سے باکس آفس پر تصادم کا خطرہ تھا لیکن اب اکشے کمار کی فلم کی نمائش کو ملتوی کردیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی فلم ’پدماوت‘ کے اکشے کمار کی فلم ’پیڈمین‘ سے باکس آفس ٹکراؤ پر پریشان تھے اور انہوں نے اکشے کمار سمیت فلمسازوں سے فلم کی نمائش کو آگے بڑھانے کی درخواست کی تھی جس پر اب ’پیڈمین‘ کی نمائش کو آگے بڑھا دیا ہے۔

اکشے کمار نے فلم کی نمائش ملتوی کرنے کا اعلان باقاعدہ پریس کانفرنس میں کیا جہان ان کے ساتھ ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی بھی موجود تھے۔ اب فلم ’پیڈمین‘ 25 جنوری کی بجائے 9  فروری کو پیش کی جائے گی۔ 

یاد رہے کہ فلم ’پیڈ مین‘ میں اکشے کمار، سونم کپور اور رادھیکا آپٹے جب کہ ’پدماوت‘ میں دپیکا پڈوکون، رنویر سنگھ اور شاہد کپور نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔

واضح رہے کہ فلم ’پدماوت‘ پر کرنی سینا نے تاریخی حقائق مسخ کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا اور احتجاج کے باعث فلم کی نمائش یکم دسمبر کو ملتوی کردی گئی تھی۔

مزید خبریں :