پاکستان
Time 20 جنوری ، 2018

ہری پور: تین دن پہلے نیا پاکستان بنانے والوں کی اوقات دیکھ لی، نوازشریف


ہری پور: سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے عمران خان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیا پاکستان بنانے والوں کے پاس کچھ نہیں اور تین دن پہلے ان کی اوقات دیکھ لی۔

ہری پور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے میاں نوازشریف نے کہا کہ زندگی بھر پاکستان کی خدمت کروں گا، میرا دل دکھی ہے، اتنے جذبے سے خدمت کررہا تھا، اس کا ان لوگوں نے صلہ صحیح نیں دیا، نوازشریف کو صرف ایک اقامے پر نکال دیا تم نااہل ہو، عوام بتائیں کیا میں نااہل ہوگیا ہوں، عوام بتائیں انہیں یہ فیصلہ منظور ہے یا نا منظور، یہ عوامی ریفرنڈم ہے۔

نوازشریف نے کہا کہ آپ نے گھبرانا نہیں، آپ نے نوازشریف کی ڈیوٹی لگائی تھی کہ لوڈشیڈنگ ختم ہونی چاہیے، عوام بتائیں لوڈشیڈنگ ختم ہوئی یا نہیں، یہ کوئی چھوٹی بات نہیں۔

سابق وزیراعظم نے عمران خان کا نام لیے بغیر ان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نیا پاکستان بنانے والے لاڈلے سن لو، خلق خدا کیا کہتی ہے، تمہارے بارے میں کیا رائے رکھتی ہے، تم نے ہمیشہ گالیوں اور الزامات کی سیاست کی، جہاں تمہاری حکومت ہے یہ تمہارا صوبہ نہیں ہمارا بھی ہے، بتاؤ اپنے صوبے میں کیا کیا؟

انہوں نے کہا عمران خان کا نام لیے بغیر انہیں لاڈلے پکارتے ہوئے کہا کہ لاڈلے اس صوبے میں تمہاری حکومت ہے لیکن موٹروے نوازشریف بنارہا ہے، کہتا تھا بجلی کے کارخانے لگائیں گے اور دوسرے صوبوں کو بجلی دیں گے، ہری پور والے پوچھیں لاڈلے سے کہ کتنے کارخانے لگائے ہیں، ایک میگا واٹ بجلی بھی نہیں بنائی، ساری بجلی مسلم لیگ (ن) نے بنائی ہے۔

دوران تقریر میاں نوازشریف کے قریب ڈرون کیمرا اڑنے لگا تو انہوں نے کیمرا ہٹانے کو کہا اور ساتھ ہی طاہرالقاری پر طنز مارتے ہوئے کہا کہ میں کوئی طاہرالقادری نہیں، چھوٹا سا تار جل جائے تو پیچھے ہٹ جاؤں، میں نوازشریف ہوں۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر نے گزشتہ دنوں لاہور میں اپوزیشن اتحاد کے جلسے کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔

انہوں نے کہا کہ جو ایک دوسرے کو گالیاں دیتے ہیں، جوتے برساتے ہیں وہ سب لیڈر اکٹھے ہوگئے، ایک ہی صف میں سب آکر کھڑے ہوگئے، کہاں گیا اصول، کہاں گئی سیاست، بس ایک ہی چیز ہے نوازشریف کی مخالفت اور یہی ان کی دستور ہے۔

نوازشریف کا کہنا تھا کہ ہری پور کا جم غیر اس جم غیر سے سوگنا بڑا ہے، وہ خالی کرسیوں کا جم غفیر تھا یہاں ایک بھی کرسی خالی نہیں، آپ کی سیاست کو لوگوں نےرد کردیا ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ اسمبلیوں کو لعنت بھیج رہے ہیں، جس تھالی میں کھاتا ہے اسی میں چھید کرتا ہے، اسی اسمبلی کو لعنت بھیجتا ہے جس کے لیے الیکشن لڑتا ہے، جہاں سے یہ تنخواہ لیتا ہے، جہاں سے اسے شکست ہوتی ہے، اس آدمی نے چار سال میں ہر ایک کو گالی دی اور الزماات لگائے ہیں، قومی اخلاق کو بگاڑ کر رکھ دیا ہے، ہمیں ایسا کوئی سیاستدان منظور نہیں۔

میاں نوازشریف نے عمران خان اہلی کیس کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں سے پوچھو جنہوں نے کہا یہ صادق اور امین ہے، عوام اس کے صادق اور امین ہونے کے قصے پڑھ رہے ہیں، آپ کو پتا ہے کتنا صادق امین ہے، سلام پیش کرتا ہوں ان معزز ججوں کو جنہوں نے اسے صادق و امین قرار دیا، اس نے اقبال جرم کیا لیکن کہا گیا کہ نیازی صاحب یہ جو آپ کہہ رہے ہیں یہ ٹھیک نہیں ہے، یہ آپ نہیں ہیں یہ کوئی اور نیازی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ کروڑ عوام نے (ن) لیگ کو ووٹ دیا اور پانچ ججوں نے وزیراعظم ہاؤس سے اٹھا کر باہر پھینک دیا، اگر ایک روپیہ بھی کھایا ہو تو نوازشریف حاضر ہے، اگر نوازشریف نے قوم کی امانت میں خیانت نہیں کی اور امانت سمجھا ہے تو آپ کو اپنا فیصلہ واپس لینا ہوگا، الیکشن میں یہ ریفرنڈم ہوگا۔

میاں نوازشریف کا کہنا تھا کہ آپ کے ووٹ کو پاؤں کے نیچے روند دیا جاتا ہے، ووٹ کی پرچی کو پھاڑ کر پھینک دیا جاتا ہے، ووٹ کی پرچی کا کوئی احترام نہیں ہوتا، عوام جسے لاتے ہیں اسے وہی لے جائیں گے، کسی میں یہ دم نہیں ہونا چاہیے کہ عوامی فیصلے کو روندے، یہ ہمیں منظور نہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ انصاف کے دہرے معیار نہیں ہوں گے، دو ترازو نہیں ہوں گے صرف ایک ترازو ہوگا، سب کے لیے ایک قانون اور برابر کا سلوک ہوگا، جان گیا ہوں نیا پاکستان بنانے والوں کے پاس کچھ نہیں، تین دن پہلے ان کی اوقات دیکھ لی، ہم سازشوں کو ہمیشہ کے لیے ملیا میٹ کردیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے خیبرپختونخوا میں بہت خدمت کی، موٹر وے بنائی، کراچی تک چھ رویا موٹروے بن رہی ہے، مسلم لیگ (ن) ترقی کا نام ہے، نوازشریف کوئی بات کہتا ہے تو اسے پورا کرتا ہے، اگر نوازشریف کو ووٹ دیا تو صرف موٹروے نہیں بنیں گے بلکہ ہر شہر سے موٹروے گزرے گا۔

مزید خبریں :