پاکستان
Time 20 جنوری ، 2018

پارلیمنٹ کو گالی دے کر ناکامی کا بدلہ لیا گیا: مریم نواز

—فوٹو: جیو نیوز اسکرین گریب

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کو گالی دے کر ناکامی کا بدلہ لیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لاہور میں متحدہ اپوزیشن کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمنٹ پر شدید تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ وہ ایسی پارٹی پر لعنت بھیجتے ہیں جو ایک نااہل شخص کو پارٹی کا سربراہ بنائے۔

عمران خان کے پارلیمنٹ کے بیان کی نہ صرف حکومتی ارکان بلکہ متحدہ اپوزیشن کا حصہ پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی مذمت کی۔

خیبر پختون خوا کے ضلع ہری پور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز  نے عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ اگر چار پانچ سال کام کیا ہوتا تو امپائر کی انگلی کا سہارا نہ لینا پڑتا لیکن ناکامی کا بدلہ پارلیمنٹ کو گالی دے کر لیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ دو دن پہلے دیکھا کہ سازشیوں کی پوری ٹیم عوام سے شکست کھا گئی، اب اقامہ اور پاناما پر رونے والے خالی کرسیوں کو رو رہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ عوام کی محبت نوازشریف نے برسوں میں کمائی ہے اور یہی عوام مسلم لیگ (ن) کو پھر سے کامیابی دلائے گی۔

انہوں نے کہا کہ دو دن قبل کنٹینر پر چڑھنے والوں کی شکلوں پر 2018 کا فیصلہ واضح تھا کیوں کہ مخالفین نہ تو استعفیٰ لے سکے اور نہ ہی قبل ازوقت انتخابات کراسکے۔

مزید خبریں :