پاکستان
Time 20 جنوری ، 2018

قوم کے ساتھ مل کر دشمنوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دینگے، سربراہ پاک فضائیہ

پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ پاکستان کے دشمن یکجا ہو کر پاک سرزمین کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں لیکن ہم قوم کے شانہ بشانہ دشمنوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔

پی اے ایف میوزیم کراچی میں ایئرکموڈور ریٹائرڈ ستار علوی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

یاد رہے کہ عرب اسرائیل جنگ میں ایئر کموڈور ریٹائرڈ ستارعلوی نے شامی فضائیہ کی طرف سے جنگ میں حصہ لیا تھا اور انہوں نے جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسرائیلی میراج طیارہ مار گرایا تھا۔

ایئر چیف سہیل امان نے تقریب کے دوران ایئر کموڈور ریٹائرڈ ستارعلوی کو ان کی خدمات کے عوض انہیں خراج تحسین پیش کیا اور ستارہ جرأت سے نوازا۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل سہیل امان کا کہنا تھا کہ ہمارےعظیم پائلٹ کے کارنامے پوری قوم کے لیے قابل فخر ہیں۔

سربراہ پاک فضائیہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اللہ کے نام پر بننے والی ایک نظریاتی ریاست ہے اور اللہ کے نام پر ببنے والے ملک پر کوئی بری نظر نہیں ڈال سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دشمن یکجا ہو کر پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں لیکن پاکستان کے دشمن ہمیشہ اپنی کوششوں میں ناکام رہیں گے۔

سہیل امان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ مادر وطن کی فضائی سرحدوں کا تحفظ ہر صورت یقینی بنائے گی اور قوم کے ساتھ مل کر دشمنوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیں گے۔

مزید خبریں :