پاکستان
Time 21 جنوری ، 2018

جج اپنا کام چھوڑ کر سیاستدان بنے ہوئے ہیں، بلاول کا الزام


کراچی: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ججز پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جج اپنا کام چھوڑ کر سیاستدان بنے ہوئے ہیں جس سے ملک میں انصاف متاثر ہورہا ہے۔

بلاول نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ ججز اپنا کام چھوڑ کر سیاستداں بنے ہوئے ہیں، جس سے پاکستان میں انصاف متاثر ہورہا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ لاء ریفارمز کمیشن کی سربراہی چیف جسٹس پاکستان کر تے ہیں، اور چاروں چیف جسٹسز اس کے ارکان ہیں، ضابطے کے تحت ہر سال لاء ریفارمز کمیشن کے چار اجلاس ہونے چاہیئں لیکن 2015 سے کوئی اجلاس ہوا ہی نہیں۔

'ملک بھر میں ہونے والے پولیس مقابلوں کی مذمت کرتا ہوں'

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ ملک بھر میں ہونے والے پولیس مقابلوں کی مذمت کرتے ہیں، کسی کو مار کر دہشت گردی کو ختم نہیں کرسکتے۔

کراچی میں رکنیت سازی مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں پولیس مقابلوں پر پابندی لگادینی چاہیے، سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کو بھی شفات تحقیقات کا حق حاصل ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ میں مجموعی طور پر امن و امان کی صورتحال بہتر ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے رکنیت سازی مہم کا آغاز کر دیا ہے اور اس سلسلے میں ویب سائٹ بھی متعارف کروائی گئی ہے جس کے ذریعے کارکن پارٹی عہدیداروں کیخلاف شکایات بھی درج کراپائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ محترمہ کی شہادت کے بعد سے ہم نے رکنیت سازی مہم شروع نہیں کی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمیں مثبت سیاست میں نوجوانوں کو شامل کرنا ہے اور نفرت کی سیاست کا خاتمہ کرنا ہے، پیپلز پارٹی ایک پرامن اور ترقی یافتہ پاکستان بنانا چاہتی ہے۔

مزید خبریں :