21 جنوری ، 2018
پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ذمے تمام واجبات بمعہ ٹیکس پاکستان کرکٹ بورڈ کو ادا کرچکے ہیں۔
پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز پشاور زلمی نے اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پشاور زلمی اپنے ذمے تمام واجبات بمعہ ٹیکس ادا کرچکے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق فرنچائز اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ بروقت ادائیگیوں سے پی ایس ایل کو شاندار انداز میں منعقد کرنے میں مدد ملے گی اور اس حوالے سے وہ پی سی بی کو مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پشاور زلمی ذمہ دار فرنچائز کی حیثیت سے تمام ادائیگیاں وقت پر کرنے پر یقین رکھتی ہے اور پی ایس ایل تھری کے حوالے سے تیاریوں میں مصروف ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بعض پی ایس ایل فرنچائز کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ کو واجبات کی عدم ادائیگی کی خبریں سامنے آئیں تھیں۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن میں پشاور زلمی نے چیمپئن کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا اور اب وہ تیسرے ایڈیشن میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔