پاکستان
Time 21 جنوری ، 2018

نواز شریف عدلیہ مخالف مہم چلارہے ہیں، عمران خان


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے اعلیٰ عدلیہ کے خلاف مہم شروع کر رکھی ہے ۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے جلسوں کا مقصد نااہلی کے فیصلے کے خلاف دباؤ بڑھانا ہے، وہ جسٹس قیوم جیسے جج چاہتے ہیں جن پر دباؤ ڈال کرا پنی مرضی کا فیصلہ لکھوائیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا مسئلہ یہ ہے کہ وہ ہمیشہ اپنے امپائرز کے ساتھ کھیلتے رہے ہیں، سپریم کورٹ کے فیصلے نے ان کو دھچکا پہنچایا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کہتے ہیں کہ سپریم کورٹ کو ان کی نااہلی کا فیصلہ واپس لینا ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ فیصلے کے بعد نوازشریف نے ملک کی اعلیٰ عدلیہ کے خلاف مہم شروع کردی ہے۔

گزشتہ روز نواز شریف نے پری پور میں ایک جلسے سے خطاب میں کہا کہ نیا پاکستان بنانے والوں کے پاس کچھ نہیں اور تین دن پہلے ان کی اوقات دیکھ لی۔

انہوں نے کہا کہ ’نوازشریف کو صرف ایک اقامے پر نکال دیا، عوام بتائیں کیا میں نااہل ہوگیا ہوں؟ عوام بتائیں انہیں یہ فیصلہ منظور ہے یا نا منظور؟ یہ عوامی ریفرنڈم ہے۔‘

نوازشریف نے کہا کہ آپ نے گھبرانا نہیں، آپ نے نوازشریف کی ڈیوٹی لگائی تھی کہ لوڈشیڈنگ ختم ہونی چاہیے، عوام بتائیں لوڈشیڈنگ ختم ہوئی یا نہیں، یہ کوئی چھوٹی بات نہیں۔

مزید خبریں :