راجر فیڈرر نے کیریئر کا 20 واں گرینڈ سلم جیت کر تاریخ رقم کردی

سوئس ٹینس اسٹار راجر فیڈرر کیریئر کا 20 واں گرینڈ سلم ٹائٹل جیتنے کے بعد آبدیدہ ہوگئے — فوٹو : اے ایف پی

ٹینس کی دنیا کے بے تاج بادشاہ راجر فیڈرر نے چھٹی مرتبہ آسٹریلین اوپن اور مجموعی طور پر کیریئر کا 20 واں گرینڈ سلم ٹائٹل جیت کر تاریخ رقم کر دی۔

میلبورن میں کھیلے گئے آسٹریلین اوپن کے فائنل میں سوئس ٹینس اسٹار روجر فیڈرر نے مرین کلچ کو سخت مقابلے کے بعد شکست دے کر ٹائٹل کا کامیاب دفاع کیا۔

راجر فیڈرر 20 گرینڈ سلم مینز سنگلز ٹائٹل جیتنے والے دنیا کے پہلے اور مجموعی طور پر چوتھے کھلاڑی ہیں، اس سے قبل ویمنز سنگلز تاریخ میں سب سے زیادہ گرینڈ سلم ٹورنامنٹ جیتنے کا اعزاز آسٹریلوی ٹینس کھلاڑی مارگریٹ کورٹ کو حاصل ہے جنہوں نے 24 گرینڈ سلم ٹائٹل اپنے نام کیے۔

اس کے علاوہ امریکا کی سرینا ولیمز 23 اور جرمن کھلاڑی اسٹیفی گراف کو 22 گرینڈ سلم ٹائٹلز جیتنے کا اعزاز حاصل ہے۔

مردوں میں روجر فیڈرر 20 گرینڈ سلم ٹائٹلز کے ساتھ سب سے آگے ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر اسپین کے رافیل نڈال (16 گرینڈ سلم) اور تیسرے نمبر پر امریکا کے سابق کھلاڑی پیٹ سیمپراس (14 ٹائٹلز) ہیں۔

آسٹریلیا میں کھیلے گئے سال کے پہلے گرینڈ سلم ٹینس ٹورنامنٹ کے مینز سنگلز ایونٹ کے فائنل میں فیڈرر اور کروشیا سے تعلق رکھنے والے مارن کلچ کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو آیا۔

فیڈرر نے سخت مقابلے کے بعد کلچ کو ہرا کر چھٹی مرتبہ آسٹریلین اوپن اور مجموعی طور پر 20 واں گرینڈ سلم ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔

فیڈرر نے پہلے سیٹ میں کلچ کو 2-6 سے ہرا کر برتری حاصل کی لیکن کلچ نے دوسرے سیٹ میں جاندار کم بیک کیا اور ٹائی بریک پر 6-7 (7-5) سے ہرا کر مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔

تیسرے سیٹ میں فیڈرر ایک مرتبہ پھر چھائے رہے اور انہوں نے کلچ کو3-6 سے ہرا کر ایک مرتبہ پھر برتری حاصل کی لیکن چوتھے سیٹ میں کلچ نے فیڈرر کو 3-6 سے شکست دے کر مقابلہ ایک مرتبہ پھر 2-2 سے برابر کر دیا۔

پانچویں اور فیصلہ کن سیٹ میں فیڈرر مکمل طور پر کلچ پر حاوی رہے اور انہوں نے 1-6 سے کامیابی حاصل کر کے ٹائٹل اپنے نام کیا۔

فتح کے بعد فیڈرر نے کہا کہ ٹائٹل جیتنے پر بے حد خوش ہوں، مجھے یقین نہیں ہو رہا کہ میں چیمپئن بن گیا ہوں اور بلاشبہ یہ میرے لئے باعث فخر لمحہ ہے، مستقبل میں بھی کوشش ہو گی کہ عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے مزید ٹائٹلز اپنے نام کروں۔

مزید خبریں :