ماڈلنگ کے لیے عمر کی کوئی قید نہیں!

اگور گاور کے عمر رسیدہ ماڈلز کا ایک گروپ فوٹو—۔بشکریہ انسٹاگرام

اگر کسی کا خیال ہے کہ فیشن اور ماڈلنگ کا تعلق محض جوانی سے ہے تو اسے یہ بات ذہن سے نکال دینی چاہیے کیونکہ اب یہ ثابت ہورہا ہے کہ فیشن ماڈلنگ کے لیے عمر کی کوئی قید نہیں۔

عمومی طور پر ماڈلنگ ایجنسیز ماڈلنگ کے لیے نوجوانوں کا انتخاب کرتی ہیں لیکن یہ رواج روس کی ایک ماڈلنگ ایجنسی نے تبدیل کردیا ہے۔

اولڈوشکا ماڈلنگ ایجنسی کے مالک سابق فوٹوگرافر اگور گاور، ماڈلنگ کے لیے 45 سال سے زائد عمر کے ماڈلز کا انتخاب کرتے ہیں۔

اگور گاور کو ریٹائرڈ افراد پر بلاگز لکھنے کا بےحد شوق تھا اور جب انہوں نے اپنی ماڈلنگ ایجنسی کھولی تو وہاں بھی زائد العمر افراد کا ہی انتخاب کیا۔

ان کی ماڈلنگ ایجنسی میں 18 خواتین اور مرد حضرات بطور ماڈلز کام کر رہے ہیں جن میں سب سے کم عمر ماڈل 60 برس کا ہے۔

اگور گاور کا ماننا ہے کہ خوبصورتی وقت کے ساتھ ساتھ مزید نکھر جاتی ہے۔


انہوں نے بتایا کہ وہ کچھ عرصہ قبل کافی دلچسپ چہروں سے ملے جو کافی عمر رسیدہ تھے، جس کے بعد انہوں نے ان افراد کے ساتھ کوئی پروجیکٹ کرنے کا سوچا اور ان کے دماغ میں ماڈلنگ کا خیال آیا۔

اگور کے یہ تمام عمر رسیدہ ماڈلز نہ صرف فوٹو شوٹ کروا چکے ہیں بلکہ فیشن کلیکشن کے لیے ریمپ پر واک بھی کر چکے ہیں۔


ان ماڈلز میں وہ تمام افراد شامل ہیں جو ماضی میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھتے تھے۔