پاکستان
Time 04 فروری ، 2018

اسلام آباد کی 2 سینیٹ نشستوں پر انتخابات کا شیڈول جاری

فوٹو: فائل

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے دارالحکومت میں سینیٹ کی دو نشستوں کے لئے انتخابات کا شیڈول جاری کردیا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی 10 فروری تک وصول کیے جائیں گے اور کاغذات کی جانچ پڑتال 13 فروری تک ہوگی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف اپیلیں 16 فروری تک دائر ہو سکیں گی اور سینیٹ الیکشن کے لیے پولنگ 3 مارچ کو ہوگی۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے سینیٹ انتخابات کے طریقہ کار کی منظوری صدر مملکت نے دی جب کہ فاٹا کی سینیٹ کی نشستوں کے لئے الیکشن ایکٹ کی توسیع تا حال نہ ہوسکی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق صدر ممنون حسین کی منظوری کے بعد فاٹا کا انتخابی شیڈول جاری کیا جائے گا۔

خیال رہے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 2 فروری کو چاروں صوبوں کے لیے سینیٹ انتخابات کا شیڈول جاری کیا تھا۔

سینیٹرز کی ریٹائرمنٹ:

یاد رہے کہ 11 مارچ کو 104 میں سے سینیٹ کے 52 ممبران ریٹائرڈ ہو رہے ہیں جن میں پنجاب اور سندھ سے 12،12، خیبرپختونخوا اور بلوچستان سے 11،11 سینیٹرز شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے 26 ممبران میں سے 18 سینیٹرز جبکہ مسلم لیگ (ن) کے 27 میں سے 9 سینیٹرز ریٹائر ہورہے ہیں۔

اسلام آباد سے 2 اور فاٹا سے بھی 4 سینیٹرز ریٹائر ہوجائیں گے جب کہ جے یو آئی (ف) کے 5 میں سے 3 سینیٹرز ریٹائر ہوجائیں گے۔

عوامی نیشنل پارٹی کے 6 میں سے 5 سینیٹرز اور تحریک انصاف کے 7 میں سے ایک سینیٹر ریٹائر ہوگا جب کہ مسلم لیگ (ق) کے تمام 4 سینیٹرز ریٹائر ہوجائیں گے۔

ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے طاہر مشہدی، نسرین جلیل اور فروغ نسیم بھی ریٹائر ہونے والوں میں شامل ہیں جب کہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار، نزہت صادق، کامران مائیکل، ذوالفقار کھوسہ اور نثار میمن بھی ریٹائر ہوجائیں گے۔

مزید خبریں :