دنیا
Time 06 فروری ، 2018

مونووی: امریکا کا وہ قصبہ جس کی آبادی صرف ایک خاتون پر مشتمل

ایلسی آئلر ایک تنہائی پسند خاتون ہیں—۔ویڈیو اسکرین گریب

اس دنیا کی آبادی دن بہ دن بڑھتی چلی جارہی ہے، لیکن حیران کن بات یہ ہے کہ امریکا کا ایک قصبہ ایسا بھی ہے جہاں کی آبادی صرف ایک خاتون پر مشتمل ہے۔

2010 کی مردم شماری کے مطابق امریکی قصبے مونووی میں صرف ایک خاتون رہائش پذیر ہیں جن کا نام ایلسی آئلر ہے۔

ایلسی آئلر ایک تنہائی پسند خاتون ہیں، جو ہر سال میئر کے انتخابات کا بورڈ لگاتی ہیں اور پھر خود اپنے آپ کو ووٹ دے کر منتخب کرلیتی ہیں۔

وہ ہر سال 500 ڈالر ٹیکس اپنے آپ کو ہی ادا کرکے پانی اور بجلی کے اخراجات ادا کرتی ہیں جبکہ شہر کا درجہ برقرار رکھنے کے لیے تمام تر کاغذات بھی جمع کراتی رہتی ہیں۔




1930کی دہائی تک مونووی کی آبادی 150 نفوس پر مشتمل تھی اور یہاں ٹرین بھی آکر رکتی تھی جب کہ یہاں کئی دکانوں اور مکانات سمیت ایک جیل بھی موجود تھی تاہم وقت کے ساتھ ساتھ یہاں کا واحد پوسٹ آفس اور کھانے پینے کا اسٹور بند ہوگیا۔

1980 میں شہر کی آبادی 18 ہوگئی، 2004 میں ایلسی کے شوہر کا بھی انتقال ہوگیا، ان کے دو بچے تھے لیکن وہ بھی یہ جگہ چھوڑ کر چلے گئے۔

مونووی میں ایک ہوٹل اور ایک لائبریری بھی ہے، جس کی صفائی ستھرائی کا خاص خیال خود ایلسی رکھتی ہیں۔

یہاں اکثر راہ گیر یا کچھ لوگ چھٹی گزارنے آتے ہیں جن کی میزبانی ایلسی کرتی ہیں۔

اس علاقے میں پہلے رہنے والے لوگ بھی کبھی کبھار ایلسی سے ملنے آتے ہیں جنہیں دیکھ کر وہ بہت خوش ہوتی ہیں۔

ایلسی کے مطابق وہ اس علاقے میں پلی بڑھی ہیں اور یہاں تنہا رہنا پسند کرتی ہیں۔

مزید خبریں :