گوگل نے اینڈرائیڈ میسجنگ ایپ کے ڈیسک ٹاپ ورژن پر کام شروع کردیا

گوگل اینڈرائیڈ اسمارٹ فون کی میسجنگ ایپ میں ایپل کے آئی میسج کی طرح خصوصیات شامل ہوں گی—۔فائل فوٹو

گوگل نے اپنے اینڈرائیڈ اسمارٹ فون کی میسجنگ ایپ کو اَپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے ذریعے صارفین ڈیسک ٹاپ پر بھی میسجز موصول اور بھیج سکیں گے۔

میش ایبل کی رپورٹ کے مطابق گوگل اینڈرائیڈ اسمارٹ فون کی میسجنگ ایپ میں ایپل کے آئی میسج کی طرح خصوصیات شامل ہوں گی۔

ڈیسک ٹاپ پر اس اینڈرائیڈ میسجنگ ایپ تک رسائی 'کیو آر کوڈ' کے ذریعے ہوگی اور اس کا استعمال بالکل واٹس ایپ کی طرح کیا جاسکے گا۔

جس طرح صارفین ڈیسک ٹاپ پر واٹس ایپ کی ویب ایپ کو کیو آر کوڈ کے ذریعے کھولتے ہیں ویسے ہی اینڈرائیڈ میسجنگ ایپ کو بھی کیو آر کوڈ سے کمپیوٹر پر کھولا جاسکے گا۔

یہ میسجنگ ایپ مختلف براؤزرز مثلاً کروم، سفاری، فائر فوکس، انٹرنیٹ ایکسپلورر، اوپیرا اور مائیکروسافٹ ایج پر آسانی سے استعمال کی جاسکے گی۔

گوگل کمپنی اپنی میسجنگ ایپ کو بہتر بنانے کے لیے آر سی ایس (rich communication service) کے ساتھ کام کر رہی ہے ۔

آر سی ایس، میسجنگ ایپ میں جِف، لوکیشن شیئرنگ اسٹیکرز اور دیگر نت نئے فیچرز فراہم کرتی ہے جو دور جدید کی میسجنگ سروس پروٹوکول ہے۔

اس سے قبل گوگل نے اینڈرائیڈ میسجنگ سروس کو ڈیسک ٹاپ سے استعمال کرنے کی سہولت 'ایلو' اور 'ہینگ آؤٹ' ایپ میں فراہم کی تھی لیکن یہ سہولت کارآمد ثابت نہیں ہوسکی۔   

مزید خبریں :