پاکستان
Time 12 فروری ، 2018

پیپلز پارٹی ارکان کی بولیاں لگا رہی ہے، ایم کیو ایم رکن قومی اسمبلی


کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رکن قومی اسمبلی شیخ صلاح الدین نے الزام عائد کیا ہے کہ سینیٹ انتخابات سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) ان کی پارٹی کے ارکان کی بولیاں لگا رہی ہے۔

خیال رہے کہ ایم کیو ایم پاکستان ان دنوں تنظیمی بحران کا شکار ہے جہاں گزشتہ روز پارٹی کی رابطہ کمیٹی نے فاروق کو کنوینر کے عہدے سے برطرف کردیا جبکہ پارٹی رہنما نے ردعمل میں رابطہ کمیٹی کو تحلیل کردیا۔

فاروق ستار کی جانب سے کامران ٹیسوری کا نام سینیٹ امیدوار کے طور پر سامنے آنے پر پارٹی میں اختلافات نے سر اٹھایا تھا جو بحران کی صورت میں تبدیل ہوگیا۔

رابطہ کمیٹی نے 6 فروری کو اجلاس بلاکر کامران ٹیسوری کی نہ صرف 6 ماہ کے لیے رکنیت معطل کی بلکہ انہیں رابطہ کمیٹی سے بھی خارج کیا۔

دوسری جانب فاروق ستار نے اجلاس کو غیرآئینی قرار دیتے ہوئے اجلاس میں شریک رہنماؤں کی رکنیت معطل کی۔

شیخ صلاح الدین نے کہا کہ اس عمل کو روکنے کے لیے الیکشن کمیشن اپنا کردار ادا کرے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ آزمائشی مراحل سے گزر رہی ہے۔

’کامران ٹیسوری خود کش بمبار ہیں‘

الزام کے ردعمل پی پی پی رکن صوبائی اسمبلی سعید غنی نے کہا کہ ان لوگوں سے اپنا گھر سنبھلتا نہیں اور خوف کے مارے پیپلز پارٹی پر الزام لگارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، اسے اپنا گھر دیکھنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ بغیر کسی ثبوت کے ایم کیو ایم الزام لگارہی ہے، اسے خوف ہے کہ ان کے اپنے اراکین ان کو سینیٹ میں ووٹ نہیں دیں گے۔

سعید غنی نے کہا کہ ن لیگ، پی ٹی آئی اور ایم کیوایم کے اراکین اپنی پارٹی سے ناراض ہیں۔

سعید غنی نے کامران ٹیسوری کو ’خودکش بمبار‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ جہاں جاتے ہیں تباہی پھیلاتے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ جہاں ہوسکا پارٹی الیکشن میں موقع سے فائدہ اٹھائے گی اور ہر جگہ سےامیدوار کھڑے کرے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ فاروق ستار نے پیپلز پارٹی میں آنے کی دلچسپی ظاہر کی تو قیادت فیصلہ کرے گی۔

مزید خبریں :