انسٹاگرام اسٹوریز کا اسکرین شاٹ لینے سے پہلے خبردار ہوجائیں

پرائیویسی کو بہتر بنانے کے لیے انسٹاگرام 'اسکرین شاٹ الرٹ' فیچر پر کام کر رہا ہے—۔فائل فوٹو

اسمارٹ فون میں اسکرین شاٹ کی سہولت نے جہاں صارفین کو آسانی فراہم کی ہے وہیں پرائیویسی کو بھی متاثر کیا ہے، اکثر صارفین اپنے دوستوں کی تصاویر اور اسٹوریز کا اسکرین شاٹ لے لیتے ہیں، جس سے دوسرا شخص لاعلم ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ پرائیویسی کو بہتر بنانے کے لیے انسٹاگرام 'اسکرین شاٹ الرٹ' فیچر پر کام کر رہا ہے۔

ڈیلی میل کے مطابق انسٹاگرام کمپنی نے اسکرین شاٹ الرٹ فیچر کو متعارف کرنے کا اعلان گزشتہ ماہ کیا تھا، جو اب آزمائشی مراحل میں ہے۔

اس فیچر کی مدد سے انسٹاگرام پر کسی بھی پوسٹ یا اسٹوری کا اسکرین شاٹ لینے پر دوسرے شخص کو اس کا نوٹیفکیشن موصول ہوجائے گا۔

پہلی مرتبہ اسکرین شاٹ لینے کی صورت میں صارف کو خبردار کیا جائے گا کہ آئندہ اس حوالے سے آپ کے دوست کو الرٹ کردیا جائے گا جبکہ دوسری بار صارف کے دوست کے پاس نوٹیفکیشن چلا جائے گا۔

یہ نوٹیفکیشن اسٹوری فیچر کے کیمرا آپشن کی طرف نمایاں ہوگا اور معلوم ہوجائے گا کہ کس نے اسکرین شاٹ لیا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے، ’ہماری کوشش ہے کہ انسٹاگرام پر بہترین سہولیات فراہم کریں تاکہ صارفین با آسانی اپنے قیمتی لمحات اس پر شیئر کرسکیں‘۔

وہ صارفین جن کے اکاؤنٹ میں اس فیچر کو آزمائش کے لیے جاری کیا گیا انہوں نے ٹوئٹر پر انسٹاگرام کے اس فیچر کا اسکرین شاٹ پوسٹ کیا جس پر متعدد افراد نے ملے جلے رد عمل کا اظہار کیا۔


کچھ نے شکایت کی کہ یہ تو سکون برباد کرنے والا فیچر ہے، اس سے وہ صارف بھی مشکل کا شکار ہوگا جو اسکرین شاٹ لے گا اور وہ بھی جس کا اکاؤنٹ ہوگا۔

لیکن اگر صارف چاہتا ہے کہ اسکرین شاٹ کا نوٹیفکیشن دوست کو موصول نہ ہو تو اس کے لیے وہ ایرو پلین موڈ پر جاکر اسکرین شاٹ لے سکتا ہے کیونکہ اس صورت میں وائے فائے اور انٹرنیٹ کام نہیں کرتا ۔

اس کے علاوہ اگر ڈیسک ٹاپ سے  اسکرین شاٹ لیا جائے تو اس کا نوٹیفکیشن بھی موصول نہیں ہوگا۔

یاد رہے کہ انسٹاگرام نے اپنی پرائیویسی سیٹنگز میں تبدیلی کرتے ہوئے حال ہی میں صارفین کے آن لائن ہونے کی معلومات بھی دوستوں کو فراہم کرنے کا فیچر متعارف کروایا ہے۔

مزید خبریں :