پاکستان
Time 13 فروری ، 2018

عمران خان نے لودھراں ضمنی انتخاب میں شکست کے تعین کیلئے تحقیقاتی کمیٹی بنادی


اسلام آباد: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 154 کے ضمنی انتخاب میں شکست کی وجوہات کے تعین کے لئے تحقیقاتی کمیٹی بنادی۔

عمران خان کی جانب سے بنائی گئی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی سربراہی جہانگیر ترین کریں گے جن کے صاحبزادے علی ترین ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کے امیدوار تھے۔

تحقیقاتی کمیٹی این اے 154 کے ضمنی انتخاب میں شکست کی وجوہات کا تعین کرے گی اور ایک ہفتے میں چیئرمین پی ٹی آئی کو رپورٹ پیش کرے گی۔

خیال رہے کہ جہانگیر ترین کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی نشست پر ان کے صاحبزادے علی ترین تحریک انصاف کے امیدوار تھے، جنہیں مسلم لیگ (ن) کے سید اقبال شاہ نے 26 ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دی ہے۔

عام انتخابات سے قبل ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کو سابق وزیراعظم نواز شریف نے عوامی فیصلہ قرار دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ ووٹ کے تقدس کی مثالیں دیکھ رہے ہیں اور لودھراں کے عوام نے اس کا عملی مظاہرہ بھی دکھایا۔

مزید خبریں :