پاکستان
Time 13 فروری ، 2018

پی ٹی آئی کو نظریے سے جدا ہونے پر ووٹرز نے مسترد کردیا، ریحام خان

لودھراں کے حلقہ این اے 154 کے ضمنی انتخاب میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ہونے والی شسکت کو ریحام خان نے عبرتناک قرار دے دیا۔

انتخابی نتائج کے بعد اپنے بیان میں ریحام خان نے کہا کہ پہلی بار کوئی پارٹی اقتدار میں آنے سے پہلے ہی مقبولیت کھورہی ہے، پی ٹی آئی کے تمام ورکرز اور نظریاتی حامیوں پر ترس آرہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب یہ بہت زیادہ بوکھلا جاتے ہیں تو مجھ جیسے لوگوں پرحملہ کرتے ہیں، یہ نواز شریف یا مریم نواز کو سازش کی وجہ سمجھتے ہیں، پی ٹی آئی کی قیادت کو آج جوابدہ ہونا پڑے گا۔

ریحام خان نے استفسار کیا کہ کیا نااہل ہونے والے جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین کو انتخاب لڑانے میں نوازشریف کی سازش تھی؟ یا خدانخواستہ ریحام خان کی صلاح تھی؟

انہوں نے کہا کہ ’’پی ٹی آئی کو بہانہ بازی ختم کرنا ہوگی، ووٹرز آپ کو مسترد کیا کیونکہ آپ نظریئے سے جدا ہوگئے، آپ نے موروثی سیاست کو جگہ دی تھی، آپ نے ووٹر پر واضح کردیا کہ موروثی سیاست ہے اور ایسا ہی ہوگا‘‘۔

ریحام خان نے مزید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’آپ نے بتادیا کہ ساری پارٹیوں سے کچرا پی ٹی آئی میں لائیں گے، پی ٹی آئی اسٹیٹس کو پر حملہ کررہی تھی لیکن خود ہی اس کی سستی کاپی بن کر ابھری‘‘۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں 3 دھڑے کھل کر سامنےآگئے اور ثابت ہوگیا کہ آپ پیسے سے قیادت خرید سکتے ہیں ووٹ نہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز این اے 154 پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کے امیدوار علی ترین کو پاکستان مسلم لیگ کے امیدوار پیر اقبال شاہ نے 26 ہزار سے زائد ووٹوں سے شکست دی حالانکہ 2015 کے ضمنی انتخاب میں جہانگیر ترین نے یہی نشست 38 ہزار ووٹوں سے جیتی تھی۔

سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل قرار دیے جانے کے بعد این اے 154 کی نشست خالی ہوئی تھی جس پر عمران خان نے جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین کو ٹکٹ جاری کردیا تھا۔

عمران خان کے اس فیصلے پر کارکن زیادہ خوش نہیں تھے جبکہ سوشل میڈیا پر بھی عمران خان کے فیصلے پر خوب تنقید کی جارہی تھی۔

مزید خبریں :