پاکستان
Time 13 فروری ، 2018

صحافیوں کی عالمی تنظیم ’رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز‘ کا عاصمہ جہانگیر کو خراج عقیدت

صحافیوں کی عالمی تنظیم ’رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز‘ نے عاصمہ جہانگیر کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی پوری زندگی آزادی اظہار رائے کے دفاع کے لیے وقف کردی۔

رپورٹرز ود آوٹ بارڈرز کی جانب سے جاری ہونے والے تعزیتی بیان میں کہا گیا کہ عاصمہ جہانگیر نے ہمیشہ جمہوریت کی بالادستی کی جنگ لڑی۔

بیان میں کہا گیا کہ کئی بار انہیں پابند سلاسل کیا گیا، ان پر حملے ہوئے، جان سے مارنے کی دھمکیاں دی گئیں لیکن وہ تمام تر رکاوٹوں کے سامنے ہمت سے کھڑی رہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ عاصمہ جہانگیر کا انتقال انسانی حقوق اور آزادی اظہار کی مہم کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔

خیال رہے کہ بے زبانوں، بےسہاروں اور ظالموں کے ستائے ہوئے مظلوموں کی آواز بننے والی عاصمہ جہانگیر کو 11 فروری کو ہائی بلڈپریشر کے باعث برین ہیمرج ہوا جس کے بعد وہ دنیائے فانی سے کوچ کر گئیں۔

نڈر، باہمت اور بے باک عاصمہ جہانگیر

66 سالہ عاصمہ جہانگیر 27 جنوری 1952 کو لاہور میں پیدا ہوئیں اور وہ سماجی کارکن اور انسانی حقوق کی علمبردار کے طور پر جانی جاتی تھیں۔

نڈر، باہمت اور بے باک خاتون عاصمہ جہانگیر کو سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی پہلی خاتون صدر ہونے کا اعزاز حاصل تھا اور وہ ججز بحالی تحریک میں بھی پیش پیش رہیں۔

2007 میں ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد عاصمہ جہانگیر کو گھر میں نظربند کیا گیا لیکن اس کے باوجود وہ خاموش نہ بیٹھیں اور اس وقت کے صدر پروز مشرف کے فیصلے کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

عاصمہ جہانگیر کو 2010 میں ہلالِ امتیاز سے نوازا گیا جب کہ 1995 میں انہیں مارٹن انل ایوارڈ، ریمن میکسیسے ایوارڈ، 2002 میں لیو ایٹنگر ایوارڈ اور 2010 میں فور فریڈم ایوارڈ سے نوازا گیا۔

مزید خبریں :