پاکستان
Time 13 فروری ، 2018

بھارتی مہم جوئی کا اُسی زبان میں جواب دیا جائے گا، وزیر دفاع

وفاقی وزیردفاع خرم دستگیر نے بھارتی وزیر دفاع نرملا سیتھا رامان کے پاکستان مخالف بیان پر سخت ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت غیرذمہ دارانہ بیانات دے کر اور اپنی عسکری سرگرمیوں سے خطے میں عدم استحکام پیدا کررہا ہے۔

خیال رہے بھارتی وزیر دفاع نرملا سیتھارامان نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں فوجی چھاؤنیوں پر ہونے والے حملوں کے پیچھے پاکستان کا ہاتھ ہے اور اسے اس کی قیمت چکانی پڑی گی۔

بھارتی وزیر دفاع کے پاکستان کے حوالے سے ریمارکس پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی بھارتی جارحیت، غلط فہمی یا مہم جوئی، طریقہ یا محل وقوع سے قطع نظر بھارت کو منہ توڑ جواب دے گا۔

وزیرِ دفاع خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ بھارت کو کسی بھی ٹھوس ثبوت کے بغیر الزام تراشی کے بجائے پاکستان کے خلاف ریاستی سطح پر کی جانے والی سازشوں کا جواب دینا چاہیے جس کا منہ بولتا ثبوت کلبھوشن یادیو کی شکل میں پوری دنیا کے سامنے ہے۔

خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ ہم اپنی سرزمین کے ایک ایک انچ کا دفاع کرنا جانتے ہیں، پاکستان کی مسلح افواج چوکس اور چوکنا ہیں اور اپنی علاقائی سالمیت اور ملکی استحکام کے دفاع کے لیے بھرپور اور مکمل طور پر تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان کو زمینی، اور فضائی حدود کے دفاع کے حوالے سے عوام کی بھرپور حمایت اور تعاون حاصل ہے۔

بغیر ثبوت الزام تراشی بھارت کا معمول بن گیا ہے، دفتر خارجہ

دفتر خارجہ نے بھی بھارتی وزیر دفاع کے الزامات پر سخت رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزام تراشی اب بھارت کا معمول بن چکا ہے جو انتہائی افسوسناک ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارت کے دھمکی آمیز لہجے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا بلکہ پہلے سے کشیدہ ماحول کو مزید نقصان پہنچے گا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم بارہا دیکھ چکے ہیں کہ بھارت خود ہی منصف اور جلاد کا کردار ادا کرتا ہے، دھمکی آمیز لہجے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا بلکہ ایل او سی پر مسلسل سیز فائر خلاف ورزیوں کی وجہ سے پہلے سے کشیدہ ماحول کو مزید نقصان پہنچے گا۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کیخلاف اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

مزید خبریں :