پاکستان
Time 14 فروری ، 2018

کوئٹہ میں فائرنگ، 4 سیکیورٹی اہلکار شہید


کوئٹہ کے علاقے لانگو آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 4 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔

پولیس کے مطابق سیکیورٹی اہلکار ریلوے لائن کے ساتھ موٹرسائیکل گشت پر مامور تھے جنہیں سریاب روڈ سے ملحقہ گلی میں نشانہ بنایا گیا۔

دہشت گردی کے واقعے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کی شناخت اسلم، سعید، شبیر اور امجد کے ناموں سے ہوئی جو موقع پر ہی جاں بحق ہوئے جبکہ ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

واقعے کے بعد پولیس اور ایف سی اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور تفتیش شروع کردی۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق سیکیورٹی فورسز کو نائن ایم ایم پستول سے نشانہ بنایا گیا جس کے متعدد خول موقع سے قبضے میں لے  لیے گئے جبکہ دیگر شواہد بھی اکٹھے کیے گئے ہیں۔ 

خیال رہے کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران پولیس اور لیویز سمیت 17 سے زائد سیکیورٹی اہلکاروں کو شہید کیا جاچکا ہے۔

مزید خبریں :