کھیل
Time 15 فروری ، 2018

پی ایس ایل 3: لاہور کے میچز کے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت شروع

لاہور میں دو پلے آف میچز 20 اور 21 مارچ کو کھیلے جائیں گے—۔فائل فوٹو

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 3 کے میچز ہوم گراؤنڈ میں بیٹھ کر دیکھنے کے خواہشمندوں کے لئے انتظار کی گھڑیاں ختم ہوگئیں کیوں کہ ٹکٹوں کی آن لائن فروخت شروع ہوگئی ہے۔

22 فروری سے شروع ہونے والے پی ایس ایل تھرڈ ایڈیشن کے دو پلے آف میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے ہیں جن کے ٹکٹوں کو ویب سائٹ سے خریدا جاسکتا ہے۔

جنرل انکلوژرز کا ٹکٹ ایک ہزار روپے جبکہ وی آئی پی انکلوژرز کا ٹکٹ 6 ہزار روپے میں دستیاب ہوگا۔

لاہور میں دو پلے آف میچز 20 اور 21 مارچ کو کھیلے جائیں گے جب کہ ایونٹ کا فائنل کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں 25 مارچ کو ہوگا جس کے لئے ٹکٹس مارچ کے پہلے ہفتے میں فروخت ہوں گے۔

پی سی بی کے شیڈول کے مطابق ایونٹ کے تمام 34 میچز 4 مختلف مقامات پر ہوں گے، جن میں دبئی، شارجہ، لاہور اور کراچی شامل ہیں۔

ایونٹ کا باقاعدہ آغاز دفاعی چیمپئن پشاور زلمی اور ایونٹ میں پہلی مرتبہ حصہ لینے والی ملتان سلطانز کے درمیان 22 فروری کو کھیلے جانے والے میچ سے ہوگا جو پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے کھیلا جائے گا۔

پی ایس ایل تھری میں اسلام آباد یونائیٹیڈ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاور زلمی، کراچی کنگز، لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ 

مزید خبریں :