دنیا
Time 17 فروری ، 2018

کویت: گھریلو ملازمہ کی لاش ڈیپ فریزر سے برآمد

کویت میں انسانی حقوق کی پامالی کا ایک اندوہناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں فلپائن سے تعلق رکھنے والی ایک گھریلو ملازمہ کی لاش ڈیپ فریزر سے برآمد ہوئی۔

نیو یارک ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق کویت کے علاقے السامیہ میں 29 سالہ جوانا ڈینیلا نامی فلپائنی ملازمہ کی لاش ایک لبنانی شہری اور اس کی شامی بیوی کے گھر سے ملی تھی جہاں وہ ایک سال سے کام کر رہی تھیں۔

کویت میں موجود فلپائنی سفیر ریناٹو ویلا نے بتایا کہ ملازمہ کے ڈی این اے ٹیسٹ سے پتہ چلا ہے کہ اس پر تشدد کیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے مطابق ملازمہ پر تشدد کرکے اس کی پسلیاں توڑی گئیں جس سے وہ دم توڑ گئی، جس کے بعد مالکان گھر چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

ملازمہ جوانا ڈینیلا کے والدین کا کہنا تھا کہ ان کی بیٹی نے انہیں 3 مہینے تک پیسے بھیجے اور پھر اس کی کوئی خیر خبر نہیں آئی۔

دوسری جانب مقتولہ کی بہن کا کہنا تھا کہ آخری فون کال پر ان کی بہن خوفزدہ تھی اور ایسا معلوم ہو رہا تھا کہ اس کی نگرانی کی جارہی ہے۔

واضح رہے کہ اپارٹمنٹ کے مالک نے عدالت سے رجوع کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ ان کے کرایہ دار نے ایک سال سے کرایہ نہیں دیا اور وہ بغیر بتائے گھر چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔

جس کے بعد عدالت نے حکم صادر کیا کہ عدالتی ٹیم اپارٹمنٹ خالی کروا کر  مالک کے حوالے کردے۔

عدالتی حکم پر تحقیقاتی ٹیم نے جب اپارٹمنٹ کو کھول کر اس کی تلاشی لی تو ڈیپ فریزر میں سے ایک خاتون کی لاش ملی۔

بعدازاں معلوم ہوا کہ لاش فلپائنی خادمہ جوانا ڈینیلا کی ہے جو لاپتہ تھی۔

جوانا ڈینیلا کی لاش جمعے کے دن فلپائن پہنچاکر ان کے اہل خانہ کے حوالے کردی گئی۔

دوسری جانب پولیس نے مذکورہ شامی لبنانی جوڑے کی تلاش شروع کردی ہے۔

مزید خبریں :