دبئی میں مریضوں کی معاونت کرنے والا روبوٹ متعارف

دبئی میں طبی سہولت فراہم کرنے والا روبوٹ متعارف کرادیا گیا جس کی نمائش نیشنل سائنس و ٹیکنالوجی انوویشن فیسٹول میں کی گئی۔

یہ روبوٹ دبئی کی ایک طالبہ محمد السیریدی نے انتھک محنت کے بعد ان افراد کے لیے تیار کیا ہے جنہیں کوئی مرض لاحق ہو اور انہیں خود کا خیال رکھنا ضروری ہو۔

یہ روبوٹ مریض کو یاد دلاتا ہے کہ انہیں کن اوقات میں دوا لینی ہے جب کہ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ روبوٹ مریض سے بات کرکے اس کا دل بھی بہلاتا ہے۔

روبوٹ کو استعمال کرنے کے  لیے اس میں ایک بار سیٹنگ کرنی ہوگی جس میں ادویات کے نام اور ان کا شیڈول بتانا ہوگا۔

الخلیج ویب سائٹ کے مطابق جیسے ہی دوا کھانے کا وقت ہوگا یہ فوراً آگاہ کرے گا اور مریض جہاں بھی ہوگا اس کے پاس خود چل کر  آئے گا۔

اس کے علاوہ یہ روبوٹ مریض کو یہ بھی بتائے گا کہ اسے معمول کے چیک اپ کے لیے کب ڈاکٹر کے پاس جانا چاہیے۔

السیریدی کا کہنا ہے کہ یہ خاص طور پر ان مریضوں کے لیے بنایا ہے جو وقت پر دوا لینا بھول جاتے ہیں۔

ایک اور طالب علم کا بنایا گیا ’ایمرجنسی روبوٹ‘ بھی سب کی توجہ کا مرکز بنا جس کو خصوصی طور پر ہنگامی حالات کے لیے بنایا گیا ہے۔

اس روبوٹ کی مدد سے صارفین موبائل کی بیٹری ختم ہونے کی صورت میں اسے چارج کر سکتے ہیں  جبکہ یہ گھر کی صفائی اور نگرانی کرنے میں بھی کار آمد ہوگا۔

دبئی کے نیشنل سائنس و ٹیکنالوجی انوویشن فیسٹول میں طلباء کے تیار کردہ 100 کے قریب پروجیکٹس کی نمائش کی گئی۔

مزید خبریں :