دنیا
Time 19 فروری ، 2018

کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کو تاج محل دیکھ کر بچپن کی یاد آگئی

فوٹو/ بشکریہ جسٹن ٹروڈو ٹوئٹر اکاؤنٹ—۔

آگرہ: دورہ بھارت پر آئے ہوئے کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کو مغل فن تعمیر کی عظیم یادگار 'تاج محل' دیکھ کر اپنے والد سابق کینیڈین وزیراعظم پیری ٹروڈو اور ان کے 1983 میں کیے گئے بھارت کے دورے کی یاد آگئی۔

واضح رہے کہ پیری ٹروڈو دو مرتبہ (1968 اور 1984) میں کینیڈا کے وزیراعظم رہ چکے ہیں۔

ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق، تاج محل کے دورے کے موقع پر جسٹن ٹروڈو کا کہنا تھا، '35 سال قبل جب میں 11 برس کا تھا تو میں اپنے والد کے ساتھ ایک سرکاری دورے پر بھارت آیا تھا اور میں نے نئی دہلی سے تاج محل دیکھنے کے لیے آگرہ کا سفر کیا تھا'۔

ٹروڈو نے بتایا کہ ان کے والد اپنے مصروف شیڈول کے باعث ان کے ساتھ نہیں آ پائے تھے۔

کینڈین وزیراعظم نے مزید بتایا کہ 'اب اپنے سرکاری دورے پر اپنے بچوں کے ساتھ یہاں آنا بہت خاص ہے اور میں ان لمحات کو بہت انجوائے کر رہا ہوں'۔

46 سالہ جسٹن ٹروڈو اپنی اہلیہ صوفی گریگوئر اور تینوں بچوں زیویئر، ایلا گریس اور ہیڈرین کے ساتھ اتوار کو صبح 10 بجے تاج محل دیکھنے آئے۔


دورے کے موقع پر مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کرتے ہوئے ٹروڈو نے لکھا، 'دنیا کی ایک خوبصورت ترین جگہ کے دورے کے لیے شکریہ'۔

دوسری جانب ٹروڈو کی اہلیہ نے اپنے تاثرات میں اس عمارت کو 'ناقابل یقین' لکھا۔

کینیڈین خاندان نے تاج محل کے سامنے تصاویر بھی کھنچوائیں۔

تاج محل کے بعد جسٹن ٹروڈو آج گجرات جائیں گے جہاں وہ ایک آشرم اور مندر کا دورہ کریں گے۔

کینیڈین وزیراعظم منیجمنٹ انسٹی ٹیوٹ کے ایک ایونٹ میں خطاب بھی کریں گے اور ممبئی اور امرتسر کے بعد وہ نئی دہلی کا رخ کریں گے جہاں وہ 23 فروری کو بھارتی وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کریں گے۔

مودی سے ملاقات کے دوران سول نیوکلیئر تعاون، اسپیس، دفاع، توانائی اور تعلیم سمیت دیگر امور پر بات کیے جانے کا امکان ہے۔


مزید خبریں :