پاکستان
Time 20 فروری ، 2018

عدلیہ بچانے کے لیے سڑکوں پر آؤں گا، عمران خان


پشاور: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے سابق وزیراعظم نواز شریف نے پارلیمنٹ کو عدلیہ کے خلاف استعمال کیا تو سڑکوں پر نکلنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوگا۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ 1997 میں نواز شریف اور (ن) لیگ نے سپریم کورٹ پر ڈنڈوں سے حملہ کیا، ایک چیف جسٹس کو ڈنڈوں سے بھگایا جب کہ پیسے دے کر انہوں نے ججز کو بھی خریدا لیکن اب عدلیہ کے خلاف پارلیمنٹ کو استعمال کیا جارہا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ جتنا نواز شریف کو اپنی صفائی دینے کا موقع ملا اتنا کسی پاکستانی کو نہیں ملا، توہین عدالت پر بھی ان کے خلاف کچھ نہیں کیا جارہا جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے وہ اور شیر ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاناما کیس میں 300 ارب روپے کے قطری خط کے علاوہ کوئی جواب نہیں دیا گیا جب کہ سپریم کورٹ انہیں بار بار موقع دے رہی ہے اور نواز شریف سے ایسے ٹریٹ کیا جیسےکسی پاکستانی کو نہیں کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان کو ڈر ہے کہ نیب عدالت سے ان کے خلاف فیصلہ آنے والا ہے، اگر پارلیمنٹ کو انہوں نے استعمال کیا تو اس بار پاکستان کی عدلیہ کے لئے لوگوں کو سڑکوں پر نکالوں گا۔

عمران خان نے کہا کہ مختلف مقدمات میں مطلوب سابق پولیس افسر عابد باکسر آرہا اور وہ بتائے گا کہ شہباز شریف کے کہنے پر اس نے کتنے قتل کیے۔

خیبرپختونخوا حکومت کا ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کے سوال پر عمران خان نے کہا کہ صوبائی حکومت کا ہیلی کاپٹر ایک منٹ بھی اپنی ذات کے لئے استعمال نہیں کیا، کسی منصوبے پر جاتے تھے تو صرف اس وقت سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرتا تھا۔ 

عمران خان نے کہا کہ سرکاری خرچے پر ٹھہرسکتا ہوں لیکن جب بھی نتھیا گلی ٹھہرا اپنے خرچے پر ٹھہرا اور آج بھی پرائیویٹ ہیلی کاپٹر پر اپنا پیسا خرچ کر کے پشاور آیا ہوں، خوف خدا ہے اس لیے اپنا ایک ایک روپیہ خرچ کرتا ہوں۔

چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ اس قوم کے پیسے میں اپنے اوپر نہیں خرچ کرنا چاہتا، نیب یہ پتا کرائے کہ شریف خاندان کے لئے ہیلی کاپٹر کتنا استعمال ہوا، جب نواز شریف وزیراعظم تھے تو ان کے بچوں کے لئے کیا ہیلی کاپٹر ٹیکسی کی طرح استعمال نہیں کیا جاتا تھا۔

مزید خبریں :