پاکستان
Time 20 فروری ، 2018

پاکستانی سرزمین پر کسی اور کی جنگ نہیں لڑ سکتے، خواجہ آصف


وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کسی اور کی جنگ پاکستانی سر زمین پر نہیں لڑ سکتے۔

ماسکو میں روسی ہم منصب کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ افغانستان میں اس وقت تکلیف دہ صورتحال ہے اور وہاں داعش کے بڑھتے ہوئے اثرو رسوخ، منشیات سے دہشت گردوں کو رقوم کی فراہمی پر تشویش ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان کے مسئلے کا فوجی حل ممکن نہیں ہے بلکہ اس مسئلے کا حل صرف مذاکرات کے ذریعے ممکن ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت زیادہ نقصان اٹھایا جب کہ عالمی امن میں روس کا اہم کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ داعش کے خاتمے کے لیے روس اہم کردار ادا کر رہا ہے اور پاکستان روس کے ساتھ تجارتی تعلقات بڑھانا چاہتا ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں۔

مزید خبریں :