پاکستان
Time 20 فروری ، 2018

جرمن سفیر کا سی ایم ایچ سیالکوٹ کا دورہ، بھارتی فائرنگ سے زخمی ہونیوالوں کی عیادت کی

سیالکوٹ: جرمن سفیر مارٹن کوبلر نے کمبائنڈ ملٹری اسپتال (سی ایم ایچ) سیالکوٹ کا دورہ کیا اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارت کی ریاستی دہشتگردی سے زخمی ہونے والے پاکستانی شہریوں کی عیادت کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جرمن سفیر کو بھارتی اشتعال انگیزیوں سے آگاہ کیا گیا اور بتایا گیا کہ یہ لوگ بھارت کیجانب سے سیز فائر کی مسلسل خلاف ورزیوں کے نتیجے میں زخمی ہوئے۔

خیال رہے کہ پاکستان بھارت کی جانب سے مسلسل سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر بھارتی ہائی کمشنر کو طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کراتا رہتا ہے تاہم بھارتی فورسز کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا سلسلہ جاری ہے۔

2018 میں اب تک بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر 150 بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی جاچکی ہے جس کے نتیجے میں 9 بے گناہ شہری شہید اور 40 زخمی ہوچکے ہیں۔

2017 میں بھارت کی جانب سے 1900 سے زائد بار سیزفائر معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی تھی۔

گزشتہ روز بھی بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے گاؤں جاجوٹ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں 8 سالہ بچہ شہید ہوگیا تھا۔

مزید خبریں :