کاروبار
Time 20 فروری ، 2018

وفاقی کابینہ نے بجلی کے نرخوں میں اضافے کی نیپرا کی سفارشات مسترد کردیں

اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کابینہ نے بجلی کے نرخوں میں اضافے کی نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی سفارشات مسترد کردیں۔

وفاقی کابینہ میں پاور ٹیرف کی موجودہ سطح برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا، سوئی سدرن گیس کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ڈائرکٹرز کے ناموں کی بھی منظوری دے دی جبکہ ایکسپورٹ پروسیسنگ زون اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو کی بھی منظوری دی گئی۔

کابینہ نے کراچی پورٹ ٹرسٹ کے جنرل مینجر انجینئرنگ کی تعیناتی کی منظوری دی جبکہ پاکستان اسٹیل ملز اورنیشنل انڈسٹریل پارکس کمپنی کے درمیان لیز پر زمین کے معاملے پر کمیٹی قائم کردی گئی جس کے سربراہ وفاقی وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز ہوں گے۔

کابینہ اجلاس میں استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمد پرانی پالیسی کے تحت جاری رکھنے کی منظوری بھی دی گئی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پالیسی کے حوالے سے تجاویز کی منظوری دی تھی، وفاقی کابینہ نے ای سی سی کے فیصلے پر غور کے بعد پالیسی کی منظوری دی۔

علاوہ ازیں کابینہ اجلاس میں اسلام آباد نیو ایئرپورٹ کا نام تجویز کرنے کیلئے قائم کمیٹی کی رپورٹ پیش کی گئی، کابینہ نے ہدایت کی کہ تمام فریقین سے مشاورت کے بعد ایئر پورٹ کا حتمی نام تجویز کیا جائے۔

اجلاس میں کابینہ کمیٹی توانائی کے یکم فروری کے اجلاس کے فیصلوں اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی بھی توثیق کردی گئی۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے ایگزیکٹو ممبر کی تعیناتی کی منظوری بھی دے دی ہے جس کے بعد اشفاق جمانی کو ایگزیکٹو ممبر پیمرا تعینات کیا جائے گا۔ چیئرمین پیمرا کی نشست خالی ہونے کے باعث اتھارٹی غیر فعال تھی۔

وفاقی کابینہ نے افغان مہاجرین کی رضا کارانہ واپسی کے لیے حکومت کی ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کااعادہ کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ افغان مہاجرین کی پرامن واپسی اور بحالی کیلئے اپنی ذمہ داری پوری کرے۔

مزید خبریں :