کھیل
Time 22 فروری ، 2018

پاکستان سپر لیگ تھری کا شاندار اور رنگا رنگ آغاز

افتتاحی تقریب کی میزبانی فلم اسٹار بلال اور حریم فاروق نے کی۔

دبئی: پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس کے دوران گلوکار شہزاد رائے، عابدہ پروین اور علی ظفر نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔

تقریب کی میزبانی فلم اسٹار بلال اشرف اور حریم فاروق جس کے آغاز میں گلوکار علی ظفر جلوہ گر ہوئے۔


بعدازاں تمام 6 ٹیموں کے کپتان اپنی اپنی ٹیموں کے ساتھ میدان میں داخل ہوئے  اور ٹورنامنٹ کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

پی ایس ایل کی تمام 6 ٹیموں کی میدان میں انٹری


تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ایس ایل چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ اس مرتبہ خوشخبری یہ ہے کہ فائنل کراچی میں کھیلا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ میدان سے باہر 10 ہزار تماشائی داخل ہونے کی کوشش کررہے ہیں، تمام ٹکٹس فروخت ہوچکی ہیں اور جب میچ شروع ہوگا تہ اسٹیڈیم مکمل طور پر بھرا ہوا نظر آئے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس مرتبہ 6 ٹیمیں کھیل رہی ہیں جبکہ ملتان سلطانز کی ٹیم کا اضافہ ہوا ہے جسے ہم خوش آمدید کہتے ہیں۔


ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ایس ایل تمام پاکستانیوں کا ہے، یہ قوم کا اثاثہ ہے اسے محفوظ رکھنا ہے۔

شائقین کرکٹ کو پی ایس ایل تھری میں چھکے، چوکے اور وکٹیں گرتے دیکھنے کا بے تابی سے انتظار ہے جس کے لئے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں آج اکھاڑہ سج گیا ہے۔

اس موقع پر عابدہ پروین نے اپنی پرفارمنس سے میدان میں موجود تماشائیوں کو پرجوش کردیا۔



شہزاد رائے نے بھی شاندار پرفارمنس پیش کی۔



اس موقع پر غیر امریکی گلوکار جیسن ڈیرولو نے بھی اپنے فن کا جادو جگایا۔


افتتاحی تقریب کے بعد پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجے پہلا میچ پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ 

افتتاحی تقریب میں پرفارم کرنے کے لئے فنکاروں کی ریہرسل۔ فوٹو: بشکریہ پی ایس ایل ٹوئٹر اکاؤنٹ

پی ایس ایل تھری میں 6 ٹیمیں مدمقابل ہوں گی اور پشاور زلمی اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی، اس ایونٹ میں ملتان سلطانز پہلی مرتبہ حصہ لے رہی ہے اور اپنا افتتاحی میچ پشاور زلمی کے خلاف ہی کھیلے گی۔

ایونٹ میں شامل دیگر ٹیموں میں اسلام آباد یونائیٹیڈ، کراچی کنگز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز شامل ہیں۔

کراچی کنگز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں 23 فروری کو اپنا پہلا میچ کھیلیں گی جب کہ لاہور قلندرز کا ٹاکرا اسی روز ملتان سلطانز سے ہوگا جب کہ اسلام آباد یونائیٹیڈ اپنا ایونٹ کا پہلا میچ 24 فروری کو پشاور زلمی کے خلاف کھیلے گی۔

 ایونٹ میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے جس میں سے 31 میچز دبئی اور شارجہ جب کہ تین میچز کا انعقاد پاکستان میں ہوگا، تمام ٹیمیں ایک دوسرے سے دو، دو مرتبہ مدمقابل ہوں گی۔

ایونٹ کا فائنل 25 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جب کہ 2 پلے آف میچز لاہور میں ہوں گے۔

پی سی بی کی پھرتیاں

 پی ایس ایل کے ابتدائی ایڈیشن میں پی سی بی سے کوتاہیاں ہوئیں، کھلاڑیوں پر نظر نہ رکھی گئی اور فرنچائزز کے ساتھ نرمیاں برتی گئیں جس کا خمیازہ اسپاٹ فکسنگ کیس کی صورت میں بھگتنا پڑا۔

لیکن اب پی سی بی نے تیسرے ایڈیشن کو کرپشن سے پاک رکھنے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں، ٹیموں کا ہوٹل بدل دیا گیا ہے، ہر ٹیم اور اس کی مینجمنٹ کے لیے ایک فلور مخصوص ہوگا جبکہ فرنچائزز کے مالکان کا دوسرے ہوٹلز میں قیام ہوگا۔

ساتھ ہی انٹیگریٹی آفیسرز 24 گھنٹے کھلاڑیوں کی کڑی نگرانی کریں گے جبکہ کھلاڑیوں تک عوام کی رسائی کم سے کم رکھی جائے گی۔

فلورز کی خفیہ مانیٹرنگ بھی کی جائے گی جبکہ معمول کے اینٹی کرپشن لیکچرز جاری رہیں گے اور کھلاڑیوں کو بکیز کی تصاویر بھی دکھائی جائیں گی۔

مزید خبریں :